اسلام آبادکی مسجد رحمت اللعالمين کا مفت کھانے کا اعلان:‘عید کے تین دن کوئی بھوکا نہ سوئے’

منگل 27 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت کی ایف ایٹ میں واقع مسجد رحمت اللعالمين نے عید کے تینوں دن غریب  افراد کے لیے مفت کھانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ہمارا مقصد ہے کہ عید کے تین دن ایف ایٹ میں کوئی فرد بھوکا نہ سوئے۔

وفاقی دار الحکومت اسلام آباد کے ایف ایٹ مرکز میں واقع مسجد رحمت اللعالمين کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر خوب چرچا میں رہی جب مسجد کی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ وہ مستحق خاندانوں کو اپنی بیٹیوں کی شادیاں عزت اور وقار کے ساتھ کرنے میں مدد کے لیے مفت شادی ہال فراہم کریں گے۔

پاکستانی ٹائم لائنز پر مسجد رحمت العالمین ایک بار پھر زیر بحث ہے اور اس بار پھر مسجد کی انتظامیہ کو خوب سراہا جا رہا ہے۔ مسجد رحمت العالمین کے آفیشل فیس بک پر عید الاضحی کے حوالے سے ایک پوسٹ شئیر کی گئی جس میں مسجد کی جانب سے ایک اعلان کیا گیا جس میں لکھا تھا کوئی یتیم، کوئی بیوہ ، کوئی معذور ،کوئی نادار کوئی مجبور،عید کے دن گوشت جمع کرنے کے لیے گرمی میں ،دھوپ میں دھکے نہ کھائے گليوں میں نہ پھرے مسجد رحمت , .للعالمين آجائے ،بچے بھی ساتھ لے آئیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ قربانی دسترخوان میں سب کو عزت احترام سے کھانا کھلایا جائے گا جبکہ قربانی دسترخوان کے مینیو میں بریانی، قورمہ، قیمہ،زردہ،  .مٹن ، بيف ، كيمل، پلاؤ ،سوپ سب دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مسجد رحمت اللعالمین نے مستحق خاندانوں کو اپنی بیٹیوں کی شادیاں عزت اور وقار کے ساتھ کرنے میں مدد کے لیے مفت شادی ہال فراہم کرنے کا اقدام اُٹھایا تھا۔ جس کا مقصد مستحق خاندانوں کے خصوصی دن کو اور بھی یادگار بنانا ہے جس میں ایک مفت شادی ہال کے ساتھ ساتھ یتیم اور مستحق دلہنوں کے مہمانوں کو کھانا پیش کرنے کے لیے برتن، میز، کرسیاں اور تربیت یافتہ ویٹر بھی فراہم کیے جائیں گے۔

صارفین کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں مساجد کو خدمت کے مراکز کے طور پر فروغ دینے کی کوشش کرنی چاہیے اور غریب اور مجبور افراد کا سہارا بننا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp