ضلع ٹانک اور شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں کے قبضہ سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ضلع ٹانک کے علاقے منزئی میں فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
’فوجی دستوں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگاتے ہوئے 3 دہشت گردوں ہلاک کردیا ہے۔‘
منزئی میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
اسی نوعیت کے ایک دوسرے واقعہ میں شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان ایک اور شدید مقابلے میں مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
’علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے خدشہ کے پیش نظر سخت نگرانی میں آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔‘
علاقہ مکینوں نے آپریشن کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔