پاکستان اور جاپان کے درمیان دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق

پیر 3 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور جاپان نے تجارت، سرمایہ کاری، انسانی وسائل کی ترقی اور تبادلے، آئی ٹی سمیت دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔

پیر کے روز پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جاپانی ہم منصب یوشیماسا حیاشی کے ہمراہ ٹوکیو میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’یہ میرا جاپان اور خوبصورت شہر ٹوکیو کا پہلا دورہ ہے، میری اور میرے وفد کی میزبانی کرنے پر وزیر خارجہ حیاشی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور جاپان دیرینہ دوست ہیں اور گہرے روابط پر مبنی ایک خاص تعلق کا اشتراک کرتے ہیں، پاکستانی عوام جاپان اور جاپانی عوام کے لیے گرم جوشی اور پیار کے گہرے جذبات رکھتے ہیں۔‘

’ضرورت کے وقت ہم ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، ہم جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، پچھلے سال ہم نے مسلسل اعلیٰ سطحی تبادلوں کے ذریعے تعلقات میں نئی توانائی اور جوش دیکھا ہے۔‘

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’میں نے آج صبح اپنے جاپانی ہم منصب کے ساتھ بہت نتیجہ خیز بات چیت کی کہ کس طرح دونوں ممالک باہمی تعاون کو مزید گہرا کر سکتے ہیں۔ ہم نے تجارت، سرمایہ کاری، انسانی وسائل کی ترقی اور تبادلے، آئی ٹی، دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا اور بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے سیاحت اور زراعت جیسے شعبوں میں اپنے باہمی فائدہ مند دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا اور بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، ہم نے مشترکہ طور پر پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔‘

’سیلاب متاثرہ علاقوں میں شمسی توانائی، صاف پانی کی فراہمی، گھروں کی تعمیر میں مل کر کام کرنے کے امکانات کو تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے، دونوں ملکوں نے ہنر مند افرادی قوت کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے پاکستان میں جاپانی زبان کے لیے لینگویج سکل اسیسمنٹ ٹیسٹ کرانے پر اتفاق کیا ہے۔‘

وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے جاپان میں نوجوان پاکستانی ہنر مند انسانی وسائل کی درآمد اور ان کی زبان کی تربیت کو تعاون کا ایک اہم شعبہ قرار دیا ہے۔ پاکستان میں جاپانی اداروں کی سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں پر بھی غور کیا۔ اپنے دورے کے دوران میں اپنی مصروفیات کو مزید وسعت دینے کے لیے نجی شعبے، مقامی میڈیا کے ساتھ ساتھ تھنک ٹینکس سے بھی بات کروں گا۔‘

’میرا ماننا ہے کہ دونوں فریقوں کو مثبت بات چیت کو مزید آگے بڑھانے اور تعاون کی مزید راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ میں اپنے جاپانی ہم منصب کی مہمان نوازی کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ۔‘

پریس کانفرنس کے اختتام پر بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ہم منصب یوشیماسا حیاشی کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp