بلوچستان کے علاقے ژوب، دھانہ سر پولیس تھانہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید کیے گئے 3 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کی میتوں کو سلامی پیش کی۔
شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں کمشنر ژوب ڈویژن، ڈپٹی کمشنر ژوب، ڈی آئی جی پولیس رینج سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شہدا کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد میتوں کو تدفین کے لیے آبائی علاقوں میں روانہ کر دیا گیا۔
واقعے کے خلاف آل پارٹیز کمیٹی کے زیر اہتمام اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا کمشنر آفس چوک میں جاری ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کی رات دہشت گردوں کے حملے کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار اور 3 پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے۔