پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے گرفتار کرنے کی پلاننگ کی جا چکی ہے۔ کسی بھی کیس میں پکڑا جا سکتا ہے مگر میں ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہوں۔ قوم فیصلہ کر لے کہ غلامی کی زندگی گزارنی ہے یا آزادی حاصل کرنی ہے۔
پیر کو ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ قوم سڑکوں پر نکلنے کی تیاری کرے۔
میں چاہتا ہوں کہ قوم کو پتہ ہو کہ کیسے جھوٹے اور بے بنیاد کیسز کی بنیاد میں مجھے گرفتار کرنے کا پلان بنایا گیا ہے۔ کوئٹہ میں ایک وکیل کا قتل ہوتا ہے اور بغیر کسی تفتیش اور ثبوت کے اسی دن دوپہر کو ہی شہبازشریف کا مشیر ٹی وی پر آکر کہتا ہے کہ قتل عمران خان نے کیا ہے اور بعد ازاں… pic.twitter.com/e2CwOmcR77
— PTI (@PTIofficial) July 3, 2023
عمران خان نے کہا کہ حکومت کو اس وقت آئین کی کوئی پرواہ نہیں۔ اداروں کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ عمران خان کو اقتدار میں نہیں آنے دینا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ مجھے گرفتار کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور 7 کیسز ہیں جن میں مجھے پکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
کوئٹہ میں وکیل کا قتل بھی مجھ پر ڈال دیا گیا
انہوں نے کہا کہ 6 جون کو صبح ساڑھے 10 بجے کوئٹہ میں ایک وکیل کو قتل کیا گیا اور دن 2 بجے وزیراعظم کے مشیر نے الزام لگا دیا کہ اس کے قتل میں عمران خان ملوث ہے حالانکہ اس کی بیوی کہہ رہی ہے کہ خاندان کے لوگوں نے اس کو قتل کیا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ظل شاہ کا جب قتل ہوا تو مجھ پر 302 کی دفعہ لگا دی گئی جبکہ پوسٹمارٹم رپورٹ میں سامنے آیا کہ اس کے جسم پر 26 جگہوں پر تشدد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو رینجرز نے مجھے ایک دہشت گرد کی طرح پکڑا۔ اُس روز کے واقعات کی بنیاد پر جتنے بھی مقدمے ہوئے سب میں مجھے نامزد کر دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے بعد بڑا شور مچا، آئی ایس پی آر صاحب نے کہا کہ بڑی فوج کی توہین ہو گئی مگر میں پوچھتا ہوں کہ کیا اس ملک میں کسی اور کی بھی عزت ہے یا نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے پیچھے ایک پلاننگ تھی۔ اب میرے پاس ثبوت آ گئے ہیں اس لیے انکوائری ہونی چاہیے۔
حکومت کہتی ہے کہ ملٹری کورٹس کے خلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانیں گے
ان کا کہنا تھا کہ اب حکومت کہہ رہی ہے اگر ملٹری کورٹس کے خلاف سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا تو ہم نہیں مانیں گے تو پھر میں پوچھتا ہوں کہ پیچھے پھر رہ کیا گیا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس کے علاوہ القادر ٹرسٹ کرپشن کیس اور توشہ خانہ کیس میں مجھے پکڑنے کی کوشش کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دبئی میں بڑے بڑے منی لانڈرز بیٹھ کر میٹنگز کر رہے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کی بیرون ملک میں پراپرٹیز ہیں۔ پاناما پیپرز میں سب کچھ سامنے آ گیا تھا جب نواز شریف کی پراپرٹی پکڑی گئی تھی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف آج تک یہ نہیں بتا سکا کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا جس سے لندن میں فلیٹس خریدے گئے۔ اسی طرح آصف زرداری نے بھی یہی کیا۔
عمران خان کا قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف جمعہ کو احتجاج کا اعلان
عمران خان نے سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف جمعے کے روز احتجاج کا بھی اعلان کیا ہے۔
سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف پوری قوم نمازِ جمعہ کے بعد پرامن احتجاج کرکے دنیا کو بتائے کہ ہمیں اس ناقابل قبول فعل سے کس قدر تکلیف ہوئی ہے۔ عمران خان pic.twitter.com/C6b8Y2fC1g
— PTI (@PTIofficial) July 3, 2023
انہوں نے کہا کہ سویڈن میں وہاں کی پولیس نے اس بات کی اجازت دی کہ قرآن مجید کی بے حرمتی کی جائے۔ ہمیں اس کی تکلیف ہوئی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ قرآن مجید کی بے حرمتی کرنا اسلامو فوبیا میں آتا ہے۔ قوم نے پر امن طریقے سے احتجاج کرنا ہے۔