نیب ترمیمی آرڈیننس جاری: ملزم کے  جسمانی ریمانڈ کی مدت بڑھا کر 30 روز کر دی گئی

منگل 4 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی احتساب بیورو ( نیب) ترمیمی آرڈیننس 2023 جاری کر دیا گیا ہے۔ آرڈیننس کے اجراء کے بعد  اب گرفتار ملزم کو 14 کے بجائے 30 روز تک جسمانی ریمانڈ پر رکھا جا سکےگا۔

قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے نیب ترمیمی آرڈیننس پر دستخط کیے۔ صادق سنجرانی نے آرڈیننس وزیر اعظم کی ایڈوائس پر جاری کیا۔

قائم مقام صدر صادق سنجرانی کے دستخط سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کا عکس

نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت گرفتار ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی مدت 14 روز سے بڑھا کر 30 روز تک کر دی گئی ہے۔

ترمیمی آرڈیننس کے مطابق چیئرمین کو نیب تفتیش میں عدم تعاون پر ملزمان کا وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار ہوگا۔

واضح رہے کہ صدارتی آرڈیننس کے حوالے سے پیر کی شام قومی اسمبلی کے اجلاس کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے 26 جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس 17 جولائی تک ملتوی کیا تھا۔

قانون کی رو سے قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہو تو صدارتی آرڈیننس جاری نہیں کیا جا سکتا، یہی وجہ ہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کیا گیا۔

خیال رہے کہ صدر مملکت عارف علوی ان دنوں بغرض حج سعودیہ میں ہیں اور از روئے قانون ان کی جگہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی قائم مقام صدر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp