نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جناح اسپتال کا اچانک دورہ کر کے ناقص انتظامات پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ( ایم ایس ) کو فوری تبدیل اور پارکنگ ایریا کا ٹھیکہ منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے منگل کو جناح اسپتال کا دورہ کیا اور وہاں اسپتال میں ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 3 دن کے اندر اندر پرنسپل سے جواب طلب کیا ہے۔
محسن نقوی نے جناح اسپتال میں سینئر پروفیسر کی عدم موجودگی کا بھی سخت نوٹس لیا اور ان کے خلاف فوری انکوائری کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ نے پارکنگ میں گاڑیوں سے اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار کا کنٹریکٹ منسوخ کرتے ہوئے نیا کنٹریکٹ لاہور پارکنگ کمپنی کو دینے کا حکم دیا۔
اسپتال میں زیر علاج مریضوں نے وزیر اعلیٰ سے دیواروں اور چھتوں پر سیم، تہہ خانے میں پانی، ادویات کی عدم دستیابی اور طبی ٹیسٹ میسر نہ ہونے کی شکایات کیں۔
مریضوں نے شکایت کی کہ اسپتال سے کچھ بھی دستیاب نہیں ہوتا، ہمیں یورین بیگ اور ڈرپ سیٹ بھی باہر سے لانا پڑتے ہیں۔بستروں اور بینج میں کھٹمل اور زمین پر کاکروچ پائے جاتے ہیں۔ مریضوں کو مخصوص لیب سے ٹیسٹ کروانے پر مجبور کیاجاتاہے۔
موقع پر وزیر اعلیٰ نے جب میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر امجد محمود سے ادویات نہ ملنے اور پرائیویٹ لیبز سے ٹیسٹ کروانے بارے سوال کیا تو وہ اس کا جواب نہ دے سکے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے جب اسپتال کا معائنہ کیا تو اسپتال کے اکثر ایئر کنڈیشنرز ( اے سی ) بند یا خراب حالت میں پائے گئے۔
کوریڈوراورکمروں میں کاٹھ کباڑ کے ڈھیر
نگران وزیر اعلیٰ نے جب کوریڈور اورکمروں کا دورہ کیا تو وہاں پر پڑی ہوئی پرانی اشیا کو فوری طورپر سٹور میں شفٹ کرنے کا حکم دیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اسپتال کی حالت کو بہتر بنانے کے حوالے سے ماسٹر پلان طلب کیا اور مختلف وارڈز اور ویٹنگ روم میں مریضوں اورتیمارداروں سے خود صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔
نگران وزیراعلیٰ نے میڈیکل یونٹ، چلڈرن او پی ڈی، ایمرجنسی، سرجیکل وارڈ کا بھی معائنہ کیا۔ انجیوگرافی روم، سی سی یو، پرائیویٹ رومز، ڈائلسسز یونٹ، یورالوجی وارڈ، آرتھوپیڈک وارڈ، مفت ادویات کاؤنٹر اور ہیلتھ کارڈ کاؤنٹر کا بھی دورہ کیا۔
محسن نقوی نے ادویات کے سٹور روم، لانڈری اور تہہ خانے کا بھی معائنہ کیا اور تہہ خانے میں موجود پانی کو نکالنے کے حوالے سے ضروری اقدامات کی ہدایت کی
محسن نقوی نے معروف بزنس مین گوہر اعجاز کے تعاون سے بنائے گئے شیخ اعجاز احمد ڈائلسسز یونٹ کا بھی دورہ کیا اور وہاں علاج معالجے کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
مریضوں نے بھی شیخ اعجاز احمد ڈائلسسز یونٹ میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کی تعریف کی ۔ محسن نقوی نے برن یونٹ کا بھی دورہ کیا اور برن یونٹ میں بیڈز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی ۔ انہوں گوہر اعجاز کی جانب سے بنائے گئے مہمان خانے اور پناہ گاہ کا بھی معائنہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ جناح اسپتال کی صورت حال دیکھ کر بہت دکھ اور افسوس ہوا۔ اسپتال میں علاج معالجے اور دیگر ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ مریضوں کو ادویات اسپتال کے اندر سے ملنی چاہییں اور ان کے ٹیسٹ بھی اسپتال کی لیب سے ہونے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ وہ جلد دوبارہ جناح اسپتال کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزرا عامر میر، ڈاکٹر جاوید اکرم، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز فنانس، تعمیرات و مواصلات، صحت،کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔