آئی ایم ایف معاہدے کے اثرات، روپیہ مزید تگڑا ہونے کا واضح امکان

منگل 4 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت پاکستان کے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے معاہدے کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے۔ انٹربینک میں ڈالر 10 روپے 55 پیسے سستا ہوکر 275 روپے 44 پیسے تک گرگیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روز میں 10 روپے سستا ہوکر 280 روپے کا ہو گیا۔

ماہر معاشیات ملک بوستان نے وی نیوز کو بتایا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے قرض پروگرام کی قسط ملنے کے بعد روپے کی قدر میں مزید بہتری آئے گی۔

ملک بوستان نے بتایا کہ ڈالر 10 روپے 55 پیسے سستا ہونے سے پاکستانی روپے میں بیرونی قرض کا بوجھ 1250 ارب روپے کم ہوگیا، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد فنڈز ملنے پر روپیہ مزید تگڑا ہوگا۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ایک ہی دن میں روپے کی قدر میں 3 اعشاریہ 83 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق انٹربینک میں ایک ہی دن میں امریکی ڈالر 10 روپے 55 پیسے سستا ہوگیا، انٹربینک میں ڈالر285 روپے 99 پیسے سے گر کر 275روپے 44 پیسے پر بند ہوا۔

اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی ڈالر سیمت دیگر کرنسیاں سستی ہوگئیں۔ 2 روز میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 روپے سستا ہوکر 280 روپے تک گرگیا۔ اوپن مارکیٹ میں یورو 18 روپے سستا ہوکر 295 روپے اور برطانوی پاؤنڈ 13 روپے سستا ہوکر 355 روپے کا ہو گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اماراتی درہم 3 روپے سستا ہوکر 76 روپے اور سعودی ریال 2.40 روپے سستا ہوکر 73 روپے تک پہنچ گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp