کوالیفائنگ راؤنڈ: زمباوے کرکٹ ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر، آئرلینڈ بال بال بچ گیا

منگل 4 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

زمبابوے آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر میں اسکاٹ لینڈ سے شکست کھا کر نومبر میں ہونے والے ایک روزہ عالمی مقابلے کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔

اسکاٹ لینڈ نے زمبابوے کو منگل کو ہونے والے 26 ویں کوالیفائنگ میچ میں 31 رنز سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں زمابوے کی پوری ٹیم 41 اعشاریہ ایک اوورز میں صرف 203 رنز اسکور کرکے آؤٹ ہوگئی۔

اسکاٹ لینڈ کے کرس سول 33 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ قرار پائے۔

زمبابوے میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر کے سپر سکس مرحلے کے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

اسکاٹ لینڈ کے کرسٹوفر میک برائڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد میتھیو کراس اور برینڈن میک مولن نے مل کر اسکور کو 102 تک پہنچا دیا تاہم اسکور 105 تک پہنچتے پہنچتے دونوں ہی کھلاڑی شان ولیمز کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مائیکل لیسک نے اختتامی اوورز میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 34 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے۔ اس طرح اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر کل 234 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے شان ولیمز نے 3 اور ٹنڈائی چتارا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اسکاٹ لینڈ کے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کا آغاز تباہ کن رہا اور پہلی ہی گیند پر جوئے لورڈ گمبی پویلین کی راہ سدھار گئے جب کہ کپتان کریگ ارون بھی کرس سول کے سامنے نہ ٹک سکے۔

بعد ازاں جب زمبابوے کے سکندر رضا میدان میں اترے تو انہوں نے ریان برل کے ساتھ مل کر 54 رنز کی پارٹنرشپ کی۔ سکندر34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ویزلے میڈویرے نے 40 رنز بنانے۔ ریان بُرل نے چند بڑے اسٹروکس کھیلے تاہم وہ بھی اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہ کراسکے اور 83 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اس طرح زمبابوے کی پوری ٹیم 203 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسکاٹ لینڈ نے میچ میں 31 رنز سے فتح حاصلی کرلی۔

اسکاٹ لینڈ کے خلاف کامیابی کی صورت میں زمبابوے کی ٹیم بھی ورلڈ کپ میچز میں حصہ لینے کی اہل ہوجاتی لیکن اب وہ مقابلے سے باہر ہوچکی ہے۔

زمبابوے کے علاوہ گزشتہ روز ویسٹ انڈیز بھی عالمی مقابلے میں حصہ لینے سے محروم ہوگیا۔ یاد رہے کہ 2 مرتبہ کا عالمی چیمپئن رہنے والا ویسٹ انڈیز پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کےلیے کوالیفائی نہیں کرسکا اور کوالیفائنگ رائونڈ میں ہی میگا ایونٹ سے باہر ہوگیا۔ ویسٹ انڈیز کو گزشتہ روز سری لنکا کے ہاتھوں 9 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

واضح رہے کہ 13 واں ایک روزہ کرکٹ ورلڈ کپ بھارت میں رواں برس 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک کھیلا جائے گا۔

آئرلینڈ کی سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیپال کیخلاف جیت

ورلڈ کپ کوالیفائر کے ایک اور میچ میں آئرلینڈ کی ٹیم نیپال کے ہاتھوں شکست سے بال بال بچ گئی اور ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹ سے کامیاب رہی۔

نیپال نے نویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے گلش جھا کی 57 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔

گلشن کے علاوہ ارجن سعود نے 48 اور کوشل ملا نے 44 رنز کی اننگز کھیلیں۔

ہدف کے تعاقب میں کپتان اینڈی بلبرنی سمیت ابتدائی 3 وکٹیں جلدی گر جانے کے باوجود آئرلینڈ نے 4 گیندوں قبل 8 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

ہیری ہیکٹر نے 60 جب کہ کرٹس کیمفر نے 62 رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp