وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ سی پیک کا منصوبہ اب نیا رخ اختیار کرے گا، ترقی کے اس سفر کو چینی اور پاکستانی انجنیئرز و ورکرز نے مل کر کامیابی کی طرف گامزن کیا ہے چنانچہ اب تک اس منصوبے پر 25 ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے۔
سی پیک کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کے 10 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم شہباز شریف تھے۔ تقریب میں چینی ناظم الامور سمیت دیگر چینی حکام اور پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سمیت دیگر وزار شریک ہوئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 10 سال قبل ن لیگ نے چین کے ساتھ مل کر یہ منصوبہ شروع کیا گیا جس کی قیادت نواز شریف نے کی اور منصوبے کو پروان چڑھایا۔
’سی پیک نوازشریف اور چینی صدر شی جن پنگ کاویژن ہے۔‘
وزیر اعظم شہباز شریف نے سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پرقوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ نوازشریف نے چینی صدر کے ساتھ ملکر سی پیک کے سفر کا آغاز کیا تھا، نواز شریف کی قیادت میں سی پیک نے ترقی کی لیکن افسوس ہے کہ گزشتہ دور میں چین جیسے عظیم دوست پر بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے اور 4 سال منصوبے کی راہ میں رکاوٹ حائل کی گئی۔
’اتحادی حکومت نے ملکرپاکستان چین تعلقات کو بحال کیا۔‘
مزید پڑھیں
وزیر اعظم نے کہاکہ چینی حکومت اور کمپنیوں کی جانب سے اب تک 25 ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے، سی پیک منصوبہ اب نئے دور میں داخل ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اب پاکستان اور چین کی دوستی میں کوئی دراڑ نہیں ہے، یہ دوستی وہی دوستی ہے جو نواز شریف کے زمانے یا اس سے پہلے تھی۔
انکا مزید کہنا تھاکہ ذاتی طور پر خوش ہوں کہ 12جولائی کو آئی ایم ایف کا معاہدہ ہونے جارہا ہے۔ چین نے مشکل وقت میں ہمارا ہاتھ تھاما، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے بھی دوستی کا حق نبھایا اس کے ساتھ ساتھ اسلامک ڈیویلپمنٹ بینک نے بھی بھرپور ساتھ دیا، ان سب کا شکرگزار ہوں