بینظیر انکم سپورٹ پروگرام: 57 لاکھ مستحقین میں 51 ارب روپے تقسیم ہوچکے

بدھ 5 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی ) کے تحت مالی سال 23-2022 کی بینظیر کفالت کی چوتھی سہ ماہی قسط کی ادئیگی جاری ہے اور اب تک 57 لاکھ سے زائد مستحق خواتین میں 51 ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔

پی آئی ایس پی کے ترجمان کے مطابق عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد بینکوں کے  ریٹیلرز کے ذریعے قسط کی تقسیم کا یہ دوسرا روز ہے۔ بینظیر  کفالت کے تحت 90 لاکھ رجسٹرڈ  گھرانوں کو 9000 روپے فی خاندان ادا کیے جارہے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اپنے پارٹنرز بینکوں بینک الفلاح اور حبیب بینک لمیٹڈ کو 81 ارب روپے سے زائد  کی رقم جاری کر چکا ہے۔

پروگرام کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بینظیر  کفالت کے علاوہ رجسٹرڈ خاندانوں کے بچوں کو بھی بینظیر تعلیمی وظائف دیے جا رہے ہیں تاہم تعلیمی وظائف کے حصول کے لیے اسکول میں 70 فیصد حاضری لازمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں مستحق افراد  بی آئی ایس پی کے قریبی تحصیل دفاتر سے رجوع کر سکتے ہیں یا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 080026477 پر کال کر سکتے ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کوئی بھی پیغام صرف 8171 سے بھیجا جاتا ہے اس کے علاوہ کسی  دوسرے نمبر سے آنے والے پیغامات پر بھروسہ  نہ کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp