پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے مجھے کسی بھی وقت گرفتار کر لیا جائے گا مگر میں ڈٹ کر کھڑا ہوں۔ میری قوم بھی ظلم کے سامنے ڈٹ جائے ورنہ کوئی مستقبل نہیں ہو گا۔
بدھ کو ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں فوجی عدالتوں میں کیسز کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں۔ میں کوئی وکیل بھی نہیں کروں گا اور بتاؤں گا کس طرح ذاتیات کی بنیاد پر مجھے نشانہ بنایا گیا اور قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔
چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران کا قوم کے لئے پیغام: pic.twitter.com/976w8jmHkm
— PTI (@PTIofficial) July 5, 2023
عمران خان نے کہا کہ وزیر آباد میں مجھے قتل کرنے سے قبل ڈی آئی خان سے واپسی پر میرے ہیلی کاپٹر کے ایندھن میں پانی کی ملاوٹ کی گئی اور ہیلی کاپٹر بال بال ہنگامی لینڈنگ کے دوران بچا۔ اس کے علاوہ 18 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں مجھے مارنے کی کوشش کی گئی۔
عمران خان نے کہا کہ افسوس ہے کہ یہی اسٹیبلشمنٹ ہمیں بتاتی تھی کہ نواز شریف اور زرداری خاندان نے کتنی چوریاں کی ہیں اور آج ایک بار پھر انہی کے ساتھ آئندہ کے حکومتی سیٹ اپ پر ڈیل کی جا رہی ہے اور اس کے لیے دبئی میں میٹنگز ہو رہی ہیں۔
آج جس کے پیسے اور پراپرٹی باہر پڑے ہوئے ہیں وہ پاکستان کے مستقبل کے فیصلے کر رہے ہیں، ایسے لگ رہا ہے جیسے 25 کروڑ عوام کی بندر بانٹ ہو رہی ہے۔ چئیرمین عمران خان pic.twitter.com/cpiy45d5Mk
— PTI (@PTIofficial) July 5, 2023
انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ اسی لیے ڈٹ کر کھڑا ہوں۔ میری قوم کو بھی کھڑا ہونا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ قائد کے پاکستان کو آج وہاں کھڑا کر دیا گیا ہے کہ یہاں پر کوئی اخلاقیات نہیں ہیں۔ صرف ایک ہی ایجنڈا ہے کہ کسی بھی طرح عمران خان کا راستہ روکنا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت لوگوں کے ساتھ جو کچھ کیا جا رہا ہے یہ انتہائی افسوسناک ہے۔ لوگوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔ گھروں میں گھس پر خواتین پر تشدد کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جس کو پکڑتے ہیں تو کہتے ہیں کہ عمران خان کے خلاف بیان دو، میرے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کو اٹھا لیا گیا ہے۔
آج جس کو بھی پکڑ رہے ہیں اس کو یہی کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کے خلاف بیان دیں۔۔۔ چئیرمین عمران خان pic.twitter.com/sI3NpNaVZu
— PTI (@PTIofficial) July 5, 2023
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید جیسا شخص آج تک نہیں دیکھا جو ان مشکل حالات میں بھی ڈٹ کے کھڑا رہا۔
عمران خان نے کہا کہ اب پوری کوشش کی جارہی ہے کہ گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کا وزیراعلیٰ نہ بنے اور اس کے لیے پیسہ چلے گا اور لوگوں کو اٹھایا بھی جا سکتا ہے۔ مجھے تو خوف آتا ہے کہ ہمیں کس طرف لے جایا جا رہا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید جیسا شخص ہمارے پورے ملک میں نہیں ہے۔
عمران خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف پوری قوم جمعے کو پُرامن احتجاج ریکارڈ کروائے۔