پاکستانی صارفین کی اکثریت انٹرنیٹ کے استعمال سے نا خوش کیوں ؟

جمعرات 6 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گیلپ اینڈ گیلانی سروے پاکستان کے ایک حالیہ سروے کے مطابق 43 فیصد پاکستانی انٹرنیٹ صارفین انٹرنیٹ کے بغیر خود کو مطمئن، خوشگوار اور ہر طرح کے ذہنی دباؤ سے محفوظ محسوس کریں گے۔

سروے کے دوران ملک بھر سے شماریاتی طریقے سے منتخب انٹرنیٹ صارفین سے دریافت کیا گیا تھا کہ اگر ان کی زندگی سے انٹرنیٹ ختم کردیا جائے تو وہ انٹرنیٹ کے بغیر زندگی کو کس طرح تصور کریں گے۔

سروے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے 28 فیصد رائے دہندگان کا کہنا تھا کہ انٹرنیت کے بغیر ان کی زندگی ’بے رونق، بیزار اور تفریح سے خالی‘ ہوگی۔ اسی طرح 7 فیصد افراد نے انٹرنیٹ کے بغیر اپنی گھریلو آمدنی کے بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔

تقریباً 10 فیصد رائے دہندگان سمجھتے ہیں کہ وہ انٹرنیٹ کے بغیر ’تنہا اور دوسروں سے جدا‘ محسوس کریں گے جب کہ سروے میں حصہ لینے والے 7 فیصد انٹرنیٹ صارفین کا سمجھتے ہیں کہ انٹرنیٹ کے بغیر وہ خود پریشان کن، مایوس اور ذہنی دباؤ کا شکار محسوس کریں گے۔

رائے عامہ کے اس سروے میں شامل 43 فیصد انٹرنیٹ صارفین کے مطابق انٹرنیٹ کے بغیر وہ خود کو ’مطمئن، خوشگوار اور ہر طرح کے ذہنی دباؤ سے محفوظ‘ محسوس کریں گے۔

سروے میں پوچھے گئے سوال پر 13 فیصد رائے دہندگان نے بتایا کہ انہیں کوئی اندازہ نہیں کہ انٹرنیٹ کے بغیر ان کی ممکنہ زںدگی کیسی ہوگی جب کہ 7 فیصد شہریوں نے اس ضمن میں کسی قسم کی رائے کا اظہار نہیں کیا۔

گیلانی ریسرچ فاؤنڈیشن کا یہ حالیہ سروے گیلپ انٹرنیشنل سے منسلک گیلپ اور گیلانی پاکستان کی مدد سے ملک کے چاروں صوبوں کی دیہی و شہری آبادی کے 1535 مرد و خواتین سے 29 مارچ تا 7 اپریل 2023 میں کیا گیا تھا۔

گیلانی ریسرچ فاؤنڈیشن کے مطابق اس سروے میں غلطی کے امکان کا تخمینہ شماریاتی طور پر 95 فیصد اعتماد کے ساتھ مثبت اور منفی 2 سے 3 فیصد لگایا گیا ہے۔ سروے کے دوران ڈیٹا ٹیلی فون پر انٹرویو کے ذریعہ اکٹھا کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp