گلگت بلتستان کے شہر چلاس میں شتیال کے قریب شاہراہ قراقرم پر خوفناک ٹریفک حادثہ میں کم از کم 25 ہلاکتوں سمیت متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات گلگت بلتستان فتح اللہ خان کے مطابق شاہراہ قراقرم پر مسافر بس اور کار تصادم کے بعد کھائی میں گر گئیں۔ بس میں 45 افراد سوار تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتی ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں تاہم اندھیرے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات درپیش ہیں۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ٹریفک حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے یوئے ریسکیو آپریشن کے لیے تمام تر دستیاب وسائل استعمال کرنے کے احکامات جاری کر دیے جبکہ انتظامیہ، محکمہ صحت، ریسکیو و دیگر متعلقہ اداروں کو متاثرین کی مدد کی ہدایت کر دی۔