بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ڈسٹرکٹ کونسلز کے چیئرمین و وائس چیئرمین کے پولنگ جاری

جمعرات 6 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے 35 اضلاع میں ڈسٹرکٹ کونسلز کے چیئرمین و وائس چیئرمین کے انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔

ضلع کوہلو میں چیئرمین کی نشست کے لیے میر نثار احمد مری اور نوابزادہ شاہ زین مری اور وائس چیئرمین کی نشست پر میر مہروز مری اور وڈیرہ غازی خان لوہارانی مد مقابل ہیں۔

ضلع قلعہ عبداللہ میں چیئرمین کے الیکشن سے قبل تمام 57 ارکان حلف اٹھائیں گے جبکہ الیکشن ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقد ہوں گے، جمعیت علمائے اسلام اور پشتون خواہ میپ کا اتحاد کیا گیا ہے، چیئرمین کے لیے جے یو آئی کے حاجی دین محمد سیگی اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے پشتون خواہ میپ کے اکبر خان کاکڑ امیدوار ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے ملک محیب اللہ کاکڑ چیئرمین جبکہ ملک حنیف خان اچکزئی ڈپٹی چیئرمین کے لیے قسمت آزمائیں گے۔

ضلع نوشکی میں ڈسٹرکٹ کونسل کے کل 24 اراکین میں سے 22 ارکان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، بی این پی و جمعیت کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، بی این پی و اتحادیوں کو 12 ارکان جبکہ جے یو آئی کو 10 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

ضلع پشین میں پشتوانخوا میپ اور جمعیت علماء اسلام کے اتحادی اور باپ پارٹی کے درمیان مقابلہ جاری ہے، قوم پرست اور مذہبی جماعتوں کے مشترکہ امیدواروں کی پوزیشن مضبوط دکھائی دے رہی ہے، ڈسٹرکٹ کونسل کے تمام 92 اراکین اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

ضلع دکی میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے 28 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، چیرمین شپ کے لیے آزاد پینل کی جانب سے حاجی خیر اللہ ناصر جبکہ عوامی اور مشترکہ پینل کی جانب سے سردار اعظم ترین اور وائس چیرمین کے لئے آزاد پینل کی جانب سے جمعرات خان شادوزئی اور مشترکہ پینل کی جانب سے حاجی دلبر خان ناصر مدمقابل ہیں۔

ضلع پنجگور میں بی این پی عوامی اور نیشنل پارٹی کے درمیان مقابلہ ہوگا، ووٹنگ کے عمل میں 30 ممبران حصہ لے رہے ہیں، ضلع کچھی میں چیئرمین کے لیے رند پینل کے سردار زادہ میر بیبرگ خان رند جبکہ وائس چیئرمین کا نام تاحال سامنے نہیں آیا، گیلو پینل کی جانب سے چیئرمین کے لیے حاجی تاج محمد رئیسانی اور وائس چیئرمین کے لیے ماما عبدالستار بنگلزئی کا نام فائنل کیا گیا ہے۔

ضلع بارکھان میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب میں 19 منتخب چیئرمین اور 08 مخصوص ممبران ووٹ کاسٹ کریں گے۔ سردارعبدالرحمن پینل کے چیئرمین کے لیے سردارزادہ عبدلغفورخان کھیتران اور وائس چیئرمین وڈیرہ شاہ نواز حلیانی، کھیتران نیشنل پارٹی کے چیئرمین کے لیے احسن ایاز کھیتران انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔

ضلع لورالائی ڈسڑکٹ کونسل ممبران میں پوزیشن 1 باپ پارٹی، 16 پی پی پی، 6 جمعیت علمائے اسلام ف، 4 جمعیت علمائے اسلام، 2 آزاد، 2 پی ٹی آئی ممبران شامل ہیں۔

ضلع کونسل خاران کی نشست کے لیے بی این پی و جمعیت و آزاد گروپ کے نامزد امیدوار بی این پی کے رہنما حاجی میر جمعہ کبدانی چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل جبکہ جمعیت کے رہنما میر محسن میردوزئی بلامقابلہ وائس چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔

ضلع نصیرآباد میں چیئرمین شپ کے امیدوار لہڑی گروپ سے فرید الحق لہڑی اور عمرانی پینلز سے سردار زادہ رسول بخش عمرانی جبکہ وائس چیئرمین کے لیے لہڑی گروپ سے اللہ بچایا کھوسہ جبکہ عمرانی گروپ سے حفیظ عمرانی ایڈوکیٹ مدمقابل ہیں۔

اسی طرح دیگر اضلاع میں بھی مختلف سیاسی جماعتوں میں مقابلہ جاری ہے، پولنگ کا عمل شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔ منتخب چیئرمین و وائس چیئرمین آج ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp