پاکستانی صوبہ پنجاب میں قدرتی آفات و سانحات میں امدادی کاموں وغیرہ سے متعلق ادارے پراوینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے میں 8 جولائی سے 10 جولائی کے دوران دریائے جہلم، دریائے ستلج، دریائے راوی اور دریائے چناپ میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے انتباہ میں متعقلہ اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر انتظامات مکمل کر لیں۔
لاہور۔5 جولائی
پی ڈی ایم اے/ الرٹ جاری
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں ممکنہ سیلاب کا ہائی الرٹ جاری کر دیا ، 8 جولائی سے 10 جولائی دریائے جہلم، ستلج، راوی اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ، تمام محکمے فوری طور پر انتظامات مکمل کریں ۔ pic.twitter.com/F6MB3QODLU— PDMA Punjab Official (@PdmapunjabO) July 5, 2023
پنجاب میں گزشتہ دو روز سے جاری بارشوں کے بعد متعدد علاقوں میں برساتی پانی کھڑا ہے۔ جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی موسلا دھار بارش کے بعد برساتی پانی کئی مقامات پر جمع ہے۔
پنجاب کے سرکاری امدادی ادارے ریسکیو 1122 کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں حالیہ بارش سے پنجاب بھر میں 16 اموات اور 26 افراد زخمی رپورٹ ہوئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق صرف صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارش سے 11 اموات اور 20 زخمی رپورٹ ہوئے ہیں۔ دیوار اور مکان گرنے کے 7 واقعات میں 7 اموات اور 18 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔