پلاسٹک کی استعمال شدہ بوتلوں کا بہترین مصرف: کراچی میں سڑک تیار کر لی گئی

جمعرات 6 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں شیل پاکستان نے لیوبریکینٹ کے لیے استعمال ہونے والی پلاسٹک کی بوتلوں کو کارآمد بناتے ہوئے سڑک تعمیرکی گئی ہے جوعام سڑکوں کی نسبت زیادہ پائیدار اور سستی ہے۔

شیل پاکستان نے کلفٹن میں شیل ہاؤس کے سامنے یہ سڑک تعمیر کی جو کراچی میں اپنی نوعیت کی پہلی سڑک ہے جس کو کم و بیش 2.5 ٹن سے زائد لیوبریکینٹ کی استعمال شدہ پلاسٹک کی بوتلوں سے تعمیرکیا گیا ہے۔ یہ سڑک 730 فٹ طویل اور 60 فٹ چوڑی ہے۔

شیل پاکستان کی جانب سے پراجیکٹ مینجرمحسن منیر کا کہنا تھاکہ ہم پلاسٹک کی بوتلوں میں لوبریکنٹس بیچتے ہیں جب وہ بوتلیں خالی ہو جاتی ہیں تو کوشش ہوتی ہے کہ ان بوتلوں کو ضائع کرنے کے بجائے انکا درست استعمال کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ اس پلاسٹک سے بننے والی سڑک کی زندگی عام سڑک سے لمبی ہے کیونکہ اس میں زیادہ پلاسٹک کا استعمال کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ پاکستان میں عام طور پر سڑکوں میں 5 سے 7 فیصد پلاسٹک شامل کی جاتی ہے کیونکہ پاکستانی قوانین کے مطابق سڑک بناتے ہوئے 5 سے 7 فیصد پلاسٹک ہی استعمال کی جاسکتی ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ اگر استعمال شدہ پلاسٹک جو آپ کو مفت میں میسر ہو تو ظاہر ہے سڑک بنانے میں لاگت کم ہو جائے گی لیکن جب یہی پلاسٹک جو آپ کو خریدنی پڑے تو سڑک بنانے کی لاگت میں اضافہ ہو جائے گا۔

انہوں نے بتایاکہ ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کہ شیل پاکستان کی طرح اور بھی بڑی بڑی کمپنیاں موجود ہیں جو یہ قدم اٹھا سکتی ہیں اگر سب ہی کمپنیاں پلاسٹک کا صحیح استعمال کرنا شروع ہو جائیں تو بڑے پیمانے پر تبدیلی آنے کے امکانات ہیں۔

واضح رہے اس سے قبل اسلام آباد میں اتاترک ایونیو پر سی ڈی اے نے کوکا کولا کے اشتراک سے ایک کلو میٹر لمبی پلاسٹک کی سڑک تعمیر کی جا چکی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp