خیبرپختونخوا: دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ، پاک فوج کا میجر شہید، 3 دہشت گرد گرفتار

جمعرات 6 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ خیبر کے ضلع شکاس کے علاقے میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے ایک میجر نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

پاک فوج کے میڈیا ونگ کے مطابق  یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد علاقے میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن(آئی بی اُو) شروع کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جب دہشت گردوں کے فرار کے راستوں کو روکنے کے لیے ناکہ بندی کی جا رہی تھی، تو میجر میاں عبداللہ شاہ جو آپریشن کی قیادت کر رہے تھے، نے دہشت گردوں کے ایک گروہ کو دیکھ لیا۔‘

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پاکستانی افواج نے اس گروہ کو روکنے کی کوشش کی اور اس دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ میجر میاں عبداللہ شاہ شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے میڈیا ونگ آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ اس کے بعد فورسز نے تین دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا جب کہ دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ‘پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں’۔

پاکستانی افواج اور دہشت گردوں کے درمیان یہ جھڑپ خیبرپختونخوا کے شمالی وزیرستان ضلع میں ایک خودکش حملے میں پاک فوج کے 3 جوانوں کی شہادت اور 3 شہریوں کے زخمی ہونے کے چند گھنٹے بعد ہوئی۔

فوج کے میڈیا ونگ کے مطابق شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ کے علاقے میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔ جس کے نتیجے میں میانوالی سے تعلق رکھنے والے 41 سالہ نائب صوبیدار صاحب خان، ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ نائیک محمد ابراہیم اور مردان سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ سپاہی جہانگیر خان شہید ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp