صوبہ پنجاب کے ضلع لاہور میں ہیلمٹ کے بغیر سفر کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول فروخت کرنے پر پاپندی عائد کر دی گئی ہے، اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر لاہور نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے تمام پیٹرول پمپس اور پولیس حکام کے لیے نوٹی فیکیشن جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہیلمٹ کے بغیر سفر کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول فروخت کرنے پر پاپندی عائد کی جا رہی ہے، اب ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول نہیں ملےگا۔
نوٹی فیکشن میں مزید کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے یہ اقدام انسانی جانوں کی حفاظت کے لیے کیا جا رہا ہے۔ پیٹرول پمپس ایسے موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول نہ دیں جو بغیر ہیلمٹ سفر کر رہے ہوں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ قیمتی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ کی طرف سے یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بغیر ہیلمٹ پہنے سفر کرنے والے سینکڑوں افراد حادثات میں یا تو جان کی بازی ہار جاتے ہیں یا زخمی ہو جاتے ہیں۔
رافعہ حیدر کا مزید کہنا تھا کہ ہیلمٹ استعمال نہ کرنے کے باعث حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ عوامی مفاد کے لیے پابندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ موٹر سائیکل پر سوار ہونے سے پہلے وہ سر پر ہیلمٹ ضرور پہنیں۔
نوٹی فیکشن میں مزید کہا گیا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کا پیٹرول لینا اب ہیلمٹ سے مشروط کیا جا رہا ہے۔ اب ہیلمٹ نہ پہننا ایک جرم تصور ہو گا۔ اور موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کی شق کے مطابق ہیلمٹ پہننا ضروری ہے۔
نوٹی فیکشن کے مطابق یہ بات نوٹ کی گئی ہے کہ ہیلمٹ نہ پہننے کے باعث حادثات کے علاوہ سر کی چوٹوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
اس لیے قیمتی جانیں بچانے کے لیے بائیکرز، موٹر سائیکل سواروں کو بغیر ہیلمٹ کے ایندھن کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضلع لاہور کے ریونیو دائرہ اختیار میں حفاظتی ہیلمٹ پہننا ضروری قرار دیا جاتا ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام پیٹرول پمپس اور فلنگ اسٹیشن کو ہدایت کی جاتی ہے کہ بغیر ہیلمٹ کسی بھی موٹر سائیکل سوار کو ایندھن فروخت نہ کیا جائے۔