شانگلہ: کرکٹ کھیلتے بچوں پر تودہ گرنے سے 8 ہلاک

جمعرات 6 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں کھیل کے دوران پہاڑی تودہ گرنے سے کم از کم 10 بچے ملبے تلے دب گئے جن میں سے 8 کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔ ایک بچی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ایک بچہ تا حال لاپتا ہے۔

شانگلہ پولیس کے مطابق واقعہ پہاڑی علاقے مارتونگ میں پیش آیا ہے جہاں شام کے وقت بچے کھیل میں مصروف تھے کہ اچانک پہاڑی تودہ ان پر آگرا۔

ریسکیو 1122 نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فوراً مدادی کاروائیاں شروع کردی تھیں۔ ترجمان ریسکیو بلال فیضی نے بتایا کہ جائے حادثہ پر مزید ٹیمیں اور مشینری بھی پہنچائی جا رہی ہیں۔

بلال فیضی کا کہنا تھا کہ ’اب تک ملبے کے نیچے سے 8 جسد خاکی نکال لیے گئے ہیں جب کہ مقامی افراد کے مطابق اب بھی ایک بچہ ملبے تلے دبے ہوا ہے جب کہ ایک زخمی بچی کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ باقی بچوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اور ریسکیو 1122 کی 3 ایمبولینسز، 22 اہلکار اور ایکسکویٹر آپریشن میں مصروف ہیں۔

ریسکیو ترجمان نے بتایا کہ رات ہونے کے باوجود ریسکیو کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بچے گراونڈ میں کرکٹ کھیل رہے تھے کہ اچانک پہاڑی تودہ ان پر گر گیا جس سے بچے ملبے تلے دب گئے۔

بلال فیضی نے کہا کہ واقعے کے بعد اہل علاقہ بھی بڑی تعداد میں پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp