بلوچستان: بلدیاتی انتخابات کے فائنل راؤنڈ میں پی ٹی آئی وائٹ واش، باپ ٹاپ پر

جمعہ 7 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات  کا 5 واں اور آخری مرحلہ جمعرات کو مکمل ہوگیا جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کوئی نشست نہ جیت سکی جب کہ اتحادی حکومت میں شامل بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) سرفہرست رہی۔

صوبے کے 35 اضلاع میں ضلعی چیئرمین وائس چیئرمین کے انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی اور غیر حتمی نتائج کے مطابق باپ چیئرمین کی 10 اور وائس چیئرمین کی 9 نشستیں جیت کر سر فہرست رہی۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے چیئرمین و وائس چیئرمین کی بالترتیب 6 اور 4 نشتیں حاصل کرتے ہوئے ٹاپ 2 پوزیشن پر رہی۔ 5 اضلاع میں آزاد امیدواروں نے چیئرمین و وائس چیئرمین کی سیٹیں لیں۔

جمعیت علما اسلام (ف) کے 4 چیئرمین اور اتنے ہی وائس چیئرمین منتخب ہوئے۔ پختونخوا ملی عوامی پارٹی نے چیئرمین کی 2 اور وائس چیئرمین کی 4 نشتیں جیتیں۔

بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے حصے میں چیئرمین و وائس چیئرمین کی دو دو سیٹیں آئیں۔ دیگر جماعتوں نے 3 چیئرمین اور 4 وائس چیئرمین کی سیٹیں جیتیں جب کہ نیشنل پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے حصے میں بالترتیب ایک چیئرمین اور ایک وائس چیئرمین کی نشت آئی۔

گو چیئرمین اور وائس چیئرمین کی نشتیں جیتنے والے دو دو امیدوار پہلے پی ٹی آئی سے تعلق رکھتے تھے لیکن یہ سارے امیدواران پہلے ہی پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کر چکے تھے۔ اس طرح پی ٹی آئی کے حصے میں صوبے کی ڈسٹرکٹ کونسلز میں کوئی نشست نہیں آسکی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس آخری مرحلے میں بلوچستان کے عوام نے پی ٹی آئی کو مسترد کیا۔

صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ نے میڈیا کو بتایا کہ کوئٹہ کے علاوہ بلوچستان کے 35 اضلاع میں آج بلدیاتی انتخابات کا پانچواں اور آخری مرحلہ مکمل ہوگیا اور ضلع کونسلز کے اراکین کی حلف برداری کے بعد چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے پولنگ ہوئی۔

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا آغاز مئی 2022 میں ہوا تھا جس کا آخری مرحلہ بہ خیر و خوبی انجام پایا اور اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp