کراچی: بائیک رائیڈر کے روپ میں مسافروں کو لوٹنے والا گینگ پکڑا گیا

جمعہ 7 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سی آئی اے کی کراچی کی ایس آئی یو کی  ٹیم نے اے ٹی ایم سے کیش لے کر نکلنے والے شہریوں کو باٸیکیا راٸیڈر بن کر  لوٹنے  والے اور اسٹریٹ کراٸمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث گروہ کو گرفتار کرلیا۔

سی آئی اے کراچی کے ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈی آئی جی سی آئی اے شرجیل کھرل کی ہدایات پر ایس آئی یو کے ایس ایس پی جنید احمد شیخ نے اپنی ٹیموں کو حکم دیا تھا کہ وہ بائیکیا رائڈر کے روپ میں لوٹ مار کرنے والے ڈاکوؤں کو گرفتار کریں۔

فی الوقت 4 ملزمان کو اسلحہ و موٹر ساٸیکلوں اور باٸیکیا ہیلمٹ سمیت یو پی موڑ نیوکراچی کی چمن عزیز مسجد کے نزدیک سے گرفتار کرلیا گیا جب کہ گروہ کے 2 ارکان موقعے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم پکڑے گئے ملزمان کی نشاندہی پر گروہ کے دیگر افراد کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ملزمان کے قبضے سے 4 پستول 30 بور معہ 16 راؤنڈ اور 2 موٹر ساٸیکلز اور باٸیکیا ہیلمٹس برآمد کر لیے گئے۔

ایس آئی یو کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ملزمان میں وقاص ولد تسکین جعفری، کامران ولد افتخار احمد، عمران ولد بنے میاں اور محمد رحمان ولد زرمیر خان شامل ہیں۔

ملزمان کے خلاف اسلحہ ایکٹ کے تحت قائم کیے گئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے شاہ فیصل، ناظم آباد، کورنگی اور دیگر علاقوں میں متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان عادی جراٸم پیشہ ہیں اور پہلے بھی متعدد بار جیل جا چکے ہیں۔

ملزم محمد رحمان ولد زرمیر خان ڈکیتیاں کرنے سے قبل تھانہ رضویہ کی حدود میں منشیات فروشی کرتا رہا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری و انکشافات سے متعلق دیگر تھانوں کو بھی اطلاع دی جاری ہے۔ ملزمان سے مزید انکشافات کی توقع ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp