عبدالستار ایدھی کا مشن جاری ہے: ایدھی کنٹرول روم سے براہِ راست

ہفتہ 8 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عبدالستار ایدھی کو بچھڑے 7 برس بیت چکے ہیں۔ اس کے باوجود ایدھی ایمبولنس سروس ہو، ایدھی کنٹرول روم ہو یا ایدھی ہومز آج بھی ٹیکنالوجی کی جدت کے ساتھ بابائے خدمت کا مشن جاری و ساری ہے۔

عبدالستار ایدھی نے 1991 میں چھوٹی سی ڈسپنسری سے فلاحی کاموں کا آغاز کیا، انسانیت کی خدمت کا ایسا جذبہ موجزن تھا کہ سخت سے سخت حالات میں بھی سڑکوں پر نظر آتے۔ بے آسرا لوگوں کو سہارا فراہم کرنا ہو، بیماروں یا حادثات میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال پہنچانا ہو یا لاوارث لاشوں کو سپرد خاک کرنا ہو، سب سے پہلے نظر آنے والا نام ایدھی ہوتا ہے۔

عبدالستار ایدھی مرحوم نے جس کنٹرول روم کا آغاز آج سے کئی برس پہلے کیا تھا آج بھی وہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ ایدھی کنٹرول روم کے انچارج سلمان احمد نے وی نیوز کو بتایا کہ کنٹرول روم پورے کراچی کے حادثات پر فوری ردعمل دیتا ہے، ہمارا ایک سافٹ ویئر ہے جس کی مدد سے ہمارے رضاکار حرکت میں آتے ہیں جیسے جیسے ٹیکنالوجی آگے بڑھ رہی ہے ویسے ہی ہمارے کام میں بھی جدت آرہی ہے۔

سلمان احمد نے مزید بتایا کہ کوئی حادثہ ہو اس کنٹرول روم میں کال آتی ہے یہاں کال آنے کے بعد ہمارے وائرلیس آپریٹر اس علاقے کی ایمبولینس کو حرکت میں آنے کا کہتے ہیں۔ کنٹرول روم مختلف اضلاع میں تقسیم ہے۔ مریض منتقلی کے لیے ہمارے پاس 400 کے قریب گاڑیاں ہیں۔ 120 گاڑیاں ایسی ہیں جو ہم نے بلیک اسپاٹس پر مستقل کھڑی کی ہوئی ہیں۔ کسی بھی حادثے کے پہلے رسپانڈرز ہمارے رضاکار ہوتے ہیں۔

ایدھی رضا کار اور عوام عبدالستار ایدھی کو آج بھی سنہری لفظوں سے یاد کرتے ہیں۔ بابائے خدمت عبدالستار ایدھی خود تو چلے گئے لیکن اپنے کام اور نام کو کو ہمیشہ کے لیے ہمارے درمیان چھوڑ گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp