کراچی ایئرپورٹ سے 2 ملزمان گرفتار، جعلی دستاویزات برآمد

ہفتہ 8 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائیاں کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ سینیگال سے واپس آنے والے مسافر کے پاسپورٹ پر جعلی امیگریشن کی مہریں لگی ہوئی تھیں جس کی پاداش میں اسے گرفتار کیا گیا ہے۔ سفری ریکارڈ کے مطابق ملزم کے پاسپورٹ پر یونان کی ایگزٹ اسٹیمپ بھی جعلی نکلی۔

ملزم کے پاسپورٹ پر لگی اسٹیمپ کے حوالے سے آئی بی ایم ایس سسٹم میں کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ حماد نعیم نامی مسافر 7 جون کو ملتان ایئرپورٹ سے سینیگال کے لیے روانہ ہوا تھا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ بات سامنے آئی ہے کہ زبیر نامی ایجنٹ نے ملزم کو سینیگال سے اٹلی بھیجنا تھا۔ جعلی اسٹیمپس بھی مذکورہ ایجنٹ کی جانب سے مہیا کی گئیں۔ مذکورہ ایجنٹ کی ٹال مٹول پر ملزم پاکستان واپس آیا۔ ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔

ایف آئی اے کی دوسری کارروائی میں لیہ پولیس کو مطلوب ملزم کو آف لوڈ کر دیا گیا۔ ملزم محمد شکیل سعودی عرب کے لیے روانہ ہو رہا تھا جس کا نام اسٹاپ لسٹ میں موجود تھا۔

ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کر کے لیہ پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp