پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے اپنے ملک کی فکر ہے اسی لیے ہم نے اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کے باوجود آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی حمایت کی۔
ہفتے کے روز ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کو ایک سازش کے تحت دیوار کےساتھ لگایا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم جان کر اسٹیبلشمنٹ کو ہمارے خلاف کر رہی ہے تاکہ یہ چور پھر الیکشن چوری کر کے اقتدار میں آ جائیں۔
مزید پڑھیں
سابق وزیراعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں ایک بات واضح ہو گئی ہے کہ 9 مئی کو مجھے عدالتی احاطے سے اغوا کرنا غیر قانونی اور غیر آئینی تھا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ایک بات تو واضح ہو گئی کہ پی ٹی آئی کا احتجاج جائز تھا کیوں کہ میری گرفتاری غیر قانونی تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا یہ سب ایک پلاننگ کے تحت ہوا۔ میرا سوال ہے کہ ابھی تک 9 مئی کے واقعات کی آزادانہ انکوائری کیوں نہیں کی گئی؟
ابھی تک 9 مئی کے واقعات پر غیر جانبدار انکوائری نہیں بلائی گئی اور مجھے خوف ہے کہ جو فضاء بنی ہوئی ہے کہ سب کو غدار ڈیکلئیر کرنا ہے اس فضاء میں غیر جانبدار انکوائری ممکن ہی نہیں ہو سکتی-@ImranKhanPTI pic.twitter.com/sy6vtC3su6
— PTI (@PTIofficial) July 8, 2023
عمران خان نے کہا کہ آزادانہ انکوائری ہو تو ہم ثبوت فراہم کریں گے کہ سانحہ 9 مئی کی کس طرح پلاننگ کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میری گرفتاری کے بعد 48 گھنٹوں میں 10 ہزار لوگوں کو جیل میں ڈال دیا گیا۔ اس وقت سے اب تک ہر روز لوگوں کو اغوا کیا جا رہاہے۔ پولیس گھروں کو ہی لوٹ لیتی ہے اور ساتھ ہی نا معلوم افراد بھی آ کر چوری کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت جنگل کا قانون ہے اور ہماری پوری پارٹی کو غدار ڈیکلیئر کیا جا رہا ہے۔ ہمارے 16 لوگوں کو شہید کیا گیا اور 9 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔