پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل ن حسین بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ انتخابات وقت پر ہوں، پیپلز پارٹی کسی غیر آئینی اور غیر جمہوری عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کا جرم آرمی ایکٹ کے زمرے میں آتا ہے تو پھر آرمی ایکٹ کے تحت اسپیشل لاء کے مطابق ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
پاکستان پیپلز پارٹی پشاور ڈویژن کے سابق صدر لیاقت شباب کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد نوشہرہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کی غلطیوں سے زرمبالہ کے ذخائر کم ہو گئے تھے اور قرضوں کا خسارہ بہت بڑھ گیا تھا، موجودہ حکومت کی ہنگامی پالیسوں کی وجہ سے ملک بہتر سمت پر گامزن ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اگر آرمی ایکٹ کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے تو ان کا ٹرائل ہوناچاہیے، عمران خان عدالتوں کا سامناکریں، دبئی مذاکرات میں پاکستان کی سیاست پر ضرور بات چیت ہوئی تاہم ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، دبئی میں نواز شریف کے ساتھ پی پی پی کے قائدین کی ملاقات ہوئی ہے، نگران سیٹ اپ کے حوالے سے دونوں سیاسی جماعتوں کا واضح موقف سامنے نہیں آیا، جب کوئی فیصلہ ہوگا تو ساری باتیں قوم کے سامنے لائی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابات وقت پر ہونے چاہیئں کیونکہ ستمبر میں صدر مملکت ریٹائرڈ ہو رہے ہیں اور مارچ میں آدھی سینیٹ رخصت ہو جائے گی، اگست میں 2 صوبائی اور قومی اسمبلی بھی تحلیل ہو جائے گی، لہٰذا نومبر تک قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابا ت کرانے ضروری ہیں تاکہ صدر اور سینیٹ کا انتخاب ممکن ہو سکے۔ پی پی پی اپنے نشان اور منشور کے ساتھ الیکشن لڑے گی۔
نیئر حسین بخاری نے کہا کہ پاکستان معاشی صورتحال سابق حکومت کی خراب پالیسوں کی وجہ سے ہمیں ورثے میں ملی، آئی ایم ایف کے ساتھ سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے معاہدہ کیا اور خود تحریک انصاف نے آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدہ کی شرائط ماننے سے انکار کردیا، اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے آخری دنوں میں 50 روپے پیٹرول سستا کیا گیا حالانکہ آئی ایم ایف نے کہا تھا کہ سبسڈی کو کم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی غلطیوں سے زرمبالہ کے ذخائر بھی کم ہو گئے تھے اور قرضوں کا خسارہ بھی بہت بڑھ گیا تھا، موجودہ حکومت کی ہنگامی پالیسوں کی وجہ سے ملک بہتر سمت پر گامزن ہو رہا ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے اور یہ معاہدہ 9 ماہ کا ہے۔
قبل ازیں نیئر حسین بخاری نے لیاقت شباب کے بھائی صفدر شباب اس کے بیٹے یوسف شباب اور پیپلز پارٹی ضلع نوشہرہ کے عہدیداروں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ۔انہوں نے کہا کہ لیاقت شباب پیپلز پارٹی کے شاندار کارکن تھے ان کی وفات سے جو خلاء پیدا ہوا وہ بمشکل پورا ہوسکے گا۔