آرمی چیف پر حملے کی مہم چلانے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے گا: تجزیہ کار

اتوار 9 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کے یوم سیاہ کے لیے بھی ایسے ہی ذہن سازی کی گئی تھی، قوم اس گھناؤنی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی۔

وی نیوز نے مختلف سیاسی و دفاعی تجزیہ کاروں سے گفتگو کی اور استفسار کیا کہ وزیراعظم کے اس بیان میں کس کے لیے کیا پیغام ہے، اور یہ بیان اس وقت اتنا ضروری کیوں ہے۔

پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم منظم پروپیگنڈا کر رہی ہے: بریگیڈیئر (ر) حارث نواز

وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک مہم چلائی جا رہی ہے جس سے عوام میں ایک مرتبہ پھر سے پاک فوج کے لیے نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس مہم سے عوام کو فوج کے خلاف ایک مرتبہ پھر سے اکسایا جا رہا تھا، وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے اور سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے کہا کہ یہ مہم اندرون ملک اور بیرون ملک سے چلائی جا رہی ہے، وزیراعظم نے ایف آئی اے سائبر کرائم کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس مہم سے متعلقہ تمام افراد کو گرفتار کرے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ایک سیاسی جماعت کے کارکنان پاک فوج کے خلاف اس طرز سے پروپیگنڈا کریں، پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم منظم طریقے سے باقاعدہ طور پر عوام کو پاک فوج کے خلاف کر رہی ہے، پی ٹی آئی نے ایسے پروپیگنڈا کو وطیرہ بنا لیا ہے۔

بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے اور یہ بہت ضروری تھا، ایف آئی اے کو پاکستان سے بیٹھ کر پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لینا چاہیے جبکہ بیرون ملک سے اس مہم میں شامل افراد کو بھی سخت سزا کے لیے اقدامات کرنے چاہییں اور نشان عبرت بنانا چاہیے تاکہ آئندہ کوئی پاک فوج کے خلاف جعلی مہم چلانے کا سوچ بھی نہ سکے۔

حکومت پروپیگنڈا کرنے والوں سے آگاہ ہے: سید محمد علی

وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ کار سید محمد علی نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر افواج پاکستان کے سپہ سالار ہیں، ان کو ہر وقت 24 گھنٹے اور ہر جگہ فول پروف سیکیورٹی دستیاب ہے جو کہ ہر طرح کے خطرات اور خدشات سے دور رکھنے اور مکمل تحفظ کی یقین دہانی کراتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند شرپسند اور ملک دشمن عناصر آرمی چیف کی سیفٹی اور سیکیورٹی پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں تاہم شہباز شریف کے بیان سے ایسے عناصر کے خواب چکنا چور ہو گئے ہیں۔

سید محمد علی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے بیان سے ایک بات واضح ہو رہی ہے کہ آرمی چیف کے خلاف سوشل میڈیا پر جعلی پروپیگنڈا کرنے اور فوج اور عوام کے درمیان دوریاں پیدا کرنے والوں سے حکومت آگاہ ہے اور ایسے افراد کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی، جبکہ حکومت نے اس مہم میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بیان سے یہ بھی واضح ہو گیا ہے کہ آرمی چیف کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کی فوری شناخت کی جائے گی جبکہ اس میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لاکر سخت سزا سنائی جائے گی۔

جعلی پروپیگنڈے سے پاک فوج کو فرق نہیں پڑتا: نعیم خالد لودھی

وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعیم خالد لودھی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کوئی بھی کہیں سے بیٹھ کر پروپیگنڈا کرتا ہے، ہمارا دشمن بیرون ملک سے پاکستان کی افواج اور عوام میں نفرت پیدا کرنے کے لیے پروپیگنڈا کر رہا ہے، آرمی چیف کو دنیا میں سب سے اچھی فوج ’افواج پاکستان‘ کی سیکیورٹی حاصل ہے، آرمی چیف بالکل محفوظ ہیں اور انہیں کوئی سیکیورٹی خدشات نہیں ہیں، وزیراعظم کو ضرورت نہیں تھی کہ وہ اس فضول پروپیگنڈے کا جواب دیتے۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعیم خالد لودھی نے کہا کہ پاک فوج ایک ادارہ ہے اور آرمی چیف اس کے سربراہ ہیں، آرمی چیف کی جو سوچ ہے وہی فوج کی سوچ ہے، اس طرح کے جعلی پروپیگنڈے سے پاک فوج کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp