انگلینڈ کی ایشز سیریز میں پہلی کامیابی، آسٹریلیا کو 3 وکٹوں سے شکست

اتوار 9 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ نے آسٹریلیا سے ایشز سریز کا تیسرا ٹیسٹ چھین لیا، دُنیائے کرکٹ میں تیز ترین 1000 رنز بنانے والے ہیری بروک نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

اتوار کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریزکا تیسرا ٹیسٹ میچ ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں اختتام پذیر ہوا، جس میں میزبان ٹیم انگلینڈ نے 3 وکٹوں سے جیت اپنے نام کر لی ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم چوتھے دن کے کھیل کے 50 ویں اوور میں 251 رنز کے ہدف کا تعاقب کر رہی تھی، اس تعاقب میں اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے تاہم دُنیائے کرکٹ کے ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے تیز ترین 1000 رنز مکمل کرنے والے ہیری بروک ایک بار پھر آسٹریلیا کے آڑے آ گئے اور انہوں نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کے لیے ایشز سیریز میں پہلی کامیابی دلا دی۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی ایشز سیرز کے 3  ٹیسٹ میچزکھیلے جا چکے ہیں جن میں آسٹریلیا نے 2 میں کامیابی حاصل کی ہے جب کہ انگلینڈ کی ٹیم ایک ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

انگلینڈ نے اتوار کو 251 رنز کے تعاقب میں اپنے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز  کیا تو انتہائی آسان ہدف کے باوجود انگلش کھلاڑیوں نے اپنا دفاعی انداز برقرار رکھا چوتھے دن کے دوسرے سیشن میں انگلش ٹیم نے 7 وکٹیں گنوا کر 50 اوورز کے اندر ہی میچ کو سمیٹ لیا۔

کھیل کے چوتھے دن انگلینڈ کے ہیری بروک میدان پر چھائے رہے۔ اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنانے والے ہیر بروک ٹیسٹ کرکٹ میں صرف 1058 گیندوں میں تیز ترین 1000 رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔

آسٹریلیا کے مچل اسٹارک انگلش بلے بازوں کے لیے جیت میں بڑی رکاوٹ بنے رہے انہوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں، جن میں بین اسٹوکس کی ایک وکٹ بھی شامل تھی، جنہوں نے پہلی اننگز میں 80 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو اچھے ٹوٹل تک پہنچایاتھا جب کہ مچل اسٹارک نے ہیری بروک، بین ڈکٹ اور جونی بیرسٹو کو بھی آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کے کرس ووکس نے 32 رنز کی اہم اننگز کھیلی اور ایک چوکا لگا کر میزبان ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔

انگلینڈ کے مارک ووڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا کیوں کہ انہوں نے دو اننگز میں سات وکٹیں حاصل کیں اور پہلی اننگز میں صرف 8 گیندوں پر 24 رنز کی غیر معمولی اننگز بھی کھیلی، اپنے مختصر لیکن پر اثر کھیل میں انہوں نے 3 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔ انہوں نے دوسری اننگز میں بھی 8 گیندوں پر 16 رنز بنائے۔

اولڈ ٹریفورڈ میں اگلا ٹیسٹ انتہائی دلچسپ ہو گا کیونکہ آسٹریلیا سیریز جیتنے کے لیے میدان میں بھرپور مقابلے کے لیے اترے گی جب کہ انگلش ٹیم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے آخری حد تک جائے گی کہ وہ کہ سیریز جیتنے کی امیدیں آخری ٹیسٹ سے پہلے ہی ختم نہ ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp