توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

منگل 11 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

توہین الیکشن کمیشن کیس میں نامزد سابق وزیر اعظم عمران خان اور رہنما استحکام پاکستان پارٹی فواد چوہدری کی گرفتاری کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کردیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے اسی مقدمہ میں نامزد سابق رہنما تحریک انصاف اسد عمر کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی۔

آج سماعت کے موقع پر نہ صرف عمران خان بلکہ ان کے وکیل بھی الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے، اسی طرح سابق رہنما تحریک انصاف اسد عمر بھی پیش نہیں ہوئے تاہم ان کی وکیل نے بتایا کہ اسد عمر نہ صرف الیکشن کمیشن بلکہ دیگر مقدمات میں پیش ہوتے رہے ہیں۔ انہوں نے اسد عمر کی حاضری سے استثنا کی استدعا کی جو منظور کرلی گئی۔

آج الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران سابق وفاقی وزیر اور رہنما استحکام پاکستان پارٹی فواد چوہدری اور ان کے وکیل فیصل چوہدری بھی پیش نہیں ہوئے، فیصل چوہدری کےمعاون وکیل نے بتایا کہ فواد چوہدری لاہور جب کہ فیصل چوہدری اسلام آباد ہائیکورٹ میں مصروف ہیں۔ فیصل چوہدری نے آنے کا کہا ہے۔

الیکشن کمیشن کے بینچ نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کافیصلہ کرتے ہوئے اسد عمر کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی۔ اب اس کیس کی سماعت 25 جولائی کو دوبارہ ہوگی۔

واضح رہے کہ 20 جون کو الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے رکن نثار درانی سمیت 4 رکنی بینچ نے توہین الیکشن کمیشن کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔

گزشتہ سماعت کے موقع پر بھی تحریک انصاف کے مشترکہ وکیل فیصل چوہدری نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ تمام فریقین کی نمائندگی کرتے ہوئے پیش ہوئے ہیں انہیں گزشتہ آرڈر نہیں ملا۔ جس پر ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ جوابدہ تو آج بھی الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔

نثار درانی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا بینچ اب فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کا آغاز کرے گا جوابدہ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونا پڑے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp