آئی ایم ایف معاہدے کے بعد دوست ملک سعودی عرب نے بھی 2 ارب ڈالراسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرا دیے ہیں، جو جلد اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں شامل ہو جائیں گے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے سعودی عرب کی جانب سے جمع کرائی گئی رقم کے موصول ہونے کی تصدیق کردی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹویٹ میں لکھاکہ پاکستانی عوام کی جانب سے مملکت سعودی عرب کی قیادت اور برادر عوام کا اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں 2 بلین امریکی ڈالر جمع کرانے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ میں اپنے بھائی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے پاکستان کی مالی مدد کو یقینی بنایا۔
On behalf of the people of Pakistan, I would like to extend my deep gratitude to the leadership and brotherly people of the Kingdom of Saudi Arabia for the US$2 billion deposit with the State Bank of Pakistan. I would like to especially thank my brother Saudi Crown Prince & Prime…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 11, 2023
انہوں نے مزید لکھاکہ امید کرتا ہوں، یہ رقم پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے میں کارگر ثابت ہوگی اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ پاکستان کی معیشت کو بہتر سے بہتر کی طرف لے کر جائیں۔
انہوں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی اس سلسلے میں کی جانے والی قابل قدر کوششوں کو بھی سراہا اور شکریہ ادا کیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی میڈیا پر ایک مختصر پیغام جاری کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں جمع کرادیے ہیں، یہ 2 ارب ڈالر جلد اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں شامل ہو جائیں گے اور آنے والے دنوں میں مزید اچھی پیش رفت سامنے آئے گی۔
بعد ازاں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے لکھاکہ حکومت اور پاکستان کی عوام سعودی لیڈر شپ خاص طور پر شاہ سلمان اور کراؤن پرنس محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں کہ وہ ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور ہمیشہ سچے دوست اور بھائی ہونے کا ثبوت پیش کرتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے لکھاکہ وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا بھی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے معیشت کی بہتری کے لیے سر توڑ کوششیں کی ہیں اور انکی کاوشوں سے پاکستان کا سفر ترقی کی طرف رواں دواں ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان کی معیشت اب مستحکم ہو رہی ہے آنے والے وقت میں معیشت مزید مستحکم ہوگی اور پاکستان ترقی کے نئے سفر کی طرف گامزن ہوگا۔
On behalf of
PM @CMShehbaz,
COAS @_GenAsimMunir, myself @MIshaqDar50 and the People of Pakistan,
I extend our heartfelt thanks to the leadership of Kingdom of Saudi Arabia for their great gesture and support by placing said deposit of $2 billion with State Bank of Pakistan!— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) July 11, 2023
انہوں نے لکھا کہ سعودی عرب نے جو پیسے اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں جمع کرائے ہیں ان کی وجہ سے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔
State Bank of Pakistan (SBP) has received deposit of $2 billion from the Kingdom of Saudi Arabia. This inflow has increased the forex reserves held by SBP and will accordingly be reflected in the forex reserves for the week ending 14July2023.
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) July 11, 2023
انکے مطابق یہ رقم 14 جولائی جمعہ کے روز ختم ہونے والے کاروباری ہفتے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں ظاہر ہوجائے گی۔
ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ
اسٹیٹ بینک کے مطابق 30 جون تک حکومت پاکستان کو انفلوز کی مد میں 39 کروڑ 30 لاکھ ڈالر موصول ہوئے جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر 39 اعشاریہ 30 کروڑ ڈالر اضافے سے 4 ارب 46 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے تھے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 28 کروڑ 28 لاکھ ڈالرموجود ہیں جبکہ سعودی عرب کی جانب سے 2 ارب ڈالر ملنے کے بعد اسٹیٹ بینک کا ذخیرہ 6 ارب 45 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے جس کے بعد ملکی مجموعی زرمبادلہ کا ذخیرہ 11 ارب 70 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے جو اس سے قبل 9 ارب 74 کروڑ 55 لاکھ ڈالر تھے۔
اسٹاک مارکیٹ میں تیزی
سعودی عرب کی جانب سے 2 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں جمع کرانے کی خوشخبری آتے ہی اسٹاک مارکیٹ بھی یکدم تیز دکھائی دی، جس کے بعد ہنڈرڈ انڈیک میں 400 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے بعد 45 ہزار کی حد عبور کر گیا۔