لیگی رہنما سردار مہتاب عباسی نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا غلط فیصلہ قرار دیا ہے۔ کہتے ہیں؛ موجودہ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ لوگ مہنگائی سے مر رہے ہیں۔
ایبٹ آباد میں پریس کانفرنس میں سابق گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کا فیصلہ غلط تھا جس سے ساری برائی اپنے سر لے لی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سردار مہتاب عباسی کا موقف تھا کہ ملک معاشی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ ملکی فیصلے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کررہے ہیں۔ بولے؛ سب جانتے ہیں ہم اس نہج پر کس کی وجہ سے پہنچے۔ جواب دینا پڑے گا ن لیگ نے کس کے کہنے پر حکومت لی۔
خیبر پختونخوا کے سابق گورنر اور وزیر اعلٰی کے مطابق، خیبرپختونخوا میں ن لیگ ڈکٹیٹر کے ساتھیوں کو سونپ دی گئی ہے۔ انہوں نے پارٹی کی صوبائی قیادت کی تبدیلی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اپنی ہی جماعت کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہے ہیں۔
سردار مہتاب احمد خان کا کہنا تھا کہ وزراء آئی ایم ایف کے سامنے منہ کالا کر کے بیٹھے ہیں۔ وزیروں اور مشیروں کی فوج بوجھ ہے۔ پارٹی اگر ہماری قدر نہیں کرتی تو ہمیں بھی کسی سے کوئی تمغہ نہیں لینا۔