ملک کی ترقی کے لیے خواتین اور مردوں کو مل کر کام کرنا ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف

منگل 11 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس وقت ہمیں معیشت کی بحالی کا سب سے بڑا چیلنج درپیش ہے مگر اب رونے دھونے سے کام نہیں چلے گا۔ ہمیں ماضی سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا۔ کل آئی ایم ایف پروگرام بیٹھے گا دعا کریں ہمارا معاہدہ ہو جائے۔

منگل کو ’بااختیار خواتین پروگرام‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کو ممتاز کرنا ہے تو خواتین کو مردوں کے برابر ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ 75 سال میں خواتین کے حقوق کے لیے کام نہیں کیا گیا۔ اب ملک کی ترقی کے لیے خواتین اور مردوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ہمارا بہت بڑا وقت لگ گیا۔ سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر پاکستان کے خزانے میں جمع کروا دیے ہیں جس پر میں سعودی ولی عہد کا شکر گزار ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم کب تک آئی ایم ایف کے پاس جاتے رہیں گے۔ ہم نے اکنامک ریکوری پلان بنایا ہے جس میں پہلا نمبر زراعت، دوسرا برآمدات اور تیسرا معدنیات کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 90 کی دہائی میں پاکستان بہت مستحکم تھا۔ آئی ایم ایف کی زنجیریں توڑنی ہیں تو ہمیں تمام تر وسائل کو بروئے کار لانا ہوگا۔

بھکاری پن ختم کرنا ہے تو اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہوگا، وزیرِاعظم

قبل ازیں وزیرِاعظم شہباز شریف نے نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے بُرے وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان کو 2 ارب ڈالر دینے پر وہ سعودی شاہ فرمان سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے شکرگزار ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پشاور میں فاٹا یونیورسٹی فیز ون کا افتتاح کردیا اور باصلاحیت نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ آج پشاور میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے پاکستان کے دفاع کے لیے جو قربانیاں دی ہیں ان کے بغیر پاکستان سے دہشتگردی کی لعنت ختم نہیں کی جا سکتی تھی، خیبر پختونخوا بہادر لوگوں کا صوبہ ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایک لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے جائیں گے اور کسی کو سفارش پر لیپ ٹاپ نہیں ملے گا۔ ’اگر میرا بس چلتا تو ہر بچے کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ دیتا تاکہ ملک سے کلاشنکوف کا کلچر ختم ہوتا اور ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوتا‘۔

آئی ایم ایف پروگرام مجبوری میں قبول کیا

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف کا پروگرام خوشی سے قبول نہیں کیا بلکہ مجبوری میں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔ اگر ہم نے ملکر ملک کی ترقی کا فیصلہ کرلیا تو پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں اصلاحات پاکستان کی سمت کو بدل کر رکھ دیں گی۔ وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ اگر ہم نے آئی ایم ایف سے جان چھڑانی ہے تو ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا، خیبر پختوںخوا میں بڑی زرخیز زمینیں اور معدینات ہیں، اگر سب ملکر کام کریں تو کوئی پہاڑ اور کوئی سمندر پاکستان کی مشکل نہیں رہے گی۔

2 ارب ڈالرز ڈالر دینے پر سعودی عرب کا شکریہ

وزیرِاعظم نے کہا کہ آج ہمیں سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرز ملے ہیں جس میں وہ سعودی عرب کے عوام، بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ بُرے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر ملنے پر وہ وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ ان دونوں نے اس کام کے لیے بہت محنت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں آج اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہوگا، اگر ہم نے اس قوم کا مستقبل سنوارنا ہے تو سب کو ملکر زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو بہتر بنانا ہوگا اور رونے دھونے سے بات نہیں بنے گی، نہ غربت ختم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رونے دھونے سے ملک خوشحال نہیں ہوتے بلکہ محنت اور مسلسل جہدوجہد سے ملک خوشحال ہوتے ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اگر ہمیں بھکاری پن ختم کرنا ہے تو اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہم نے اپنا ہاتھ اوپر رکھنا ہے یا کشکول لے کر پھرنا ہے۔ ملک میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہمارے نوجوان تعلیم حاصل کرکے ملک کی قسمت سنواریں گے اور آئندہ چند سالوں میں پاکستان خطے میں تیزی سے ترقی کرنے والا ملک بن جائے گا۔

9 مئی جیسےواقعات کو آئندہ ہمیشہ کے لیے روک دیں تو ملک ترقی کرے گا

وزیرِاعظم نے کہا کہ اگر آئندہ انتخابات میں عوام نے ہمیں موقع دیا تو آبادی کے تناسب سے ہر صوبے میں ہر سال لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے جس سے زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں کے حالات بد ل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق اور ڈیولپمنٹ کا کام رکا ہوا ہے حالانکہ ان کاموں سے سے ہی قومیں ترقی کرتی ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر ہم وقت ضائع کرنا بند کردیں اور 9 مئی جیسے واقعات کو آئندہ ہمیشہ کے لیے روک دیں تو پاکستان مزید ترقی کی منازل طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سفارش اور کرپشن نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔ محنت اور میرٹ سے ہم ترقی کی منازل طے کرسکتےہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp