منی لانڈرنگ کیس میں پی ٹی آئی کے صدر پرویز الہٰی کی ضمانت منظور

منگل 11 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بینکنگ کرائم کورٹ نے منی لانڈرنگ کے ایک مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہی کی ضمانت منظور کرلی ہے۔

بینکنگ کرائم کورٹ میں تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہی کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کی سماعت کے دوران دلائل سننے کے بعد سابق وزیر اعلٰی پنجاب کی 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔

واضح رہے کہ گزشتہ مہینے لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمہ میں پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی تھی تاہم منی لانڈرنگ کے نئے مقدمے میں ان کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔

منی لانڈرنگ کیس میں گرفتاری کے خلاف پرویز الہی نے بینکنگ کرائم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔

پرویز الہی پر اور کون کون سے مقدمات قائم ہیں؟

محکمہ اینٹی کرپشن میں ویسے تو پرویز الہی کے خلاف 3 مقدمات درج ہیں مگر جس کیس میں انہیں گرفتار کیا گیا وہ گجرات میں ایک سڑک کا ٹھیکہ دینے میں مبینہ کرپشن کے الزام پر مبنی ہے۔ اس کیس میں کہا گیا ہے کہ ٹھیکہ دینے میں مبینہ طور پر ایک ارب روپے سے زائد کی خرد برد کی گئی جس سے ملکی خزانے کو نقصان ہوا۔

اس کیس میں اس وقت کے وزیر اعلی کی جانب سے بوگس ادائیگیاں کی گئیں اور من پسند لوگوں کو ٹھیکے دلائے گئے اور جو مٹیریل سٹرک کے لیے استعمال کیا گیا وہ بھی ناقص تھا۔

اس مقدمے میں پرویز الہی کے بیٹے مونس الہی سمیت ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار بھی نامزد ہیں۔

ایل ڈبلیو ایم سی اور گجرات ڈویژن میں ترقیاتی کاموں کے مقدمات

اینٹی کرپشن میں چوہدری پرویز الہی کے خلاف ایل ڈبلیو ایم سی اور گجرات ڈویژن میں کیے گئے ترقیاتی کاموں میں خردبرد کے علیحدہ مقدمات درج ہیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے ذریعے اربوں روپے کی ادائیگیاں کی گئیں جن میں مونس الہی نے فرنٹ مین کے طور پر کروڑوں روپے کی خرد برد کی، جبکہ تیسرا مقدمہ گجرات ڈویژن کے اندر مختلف سڑکوں کی تعمیر اور وزیر آباد اسپتال کا بھی ہے۔ ان مقدمات میں بھی سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی اور مونس الہی پر کرپشن کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp