داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر دہشت گرد حملے کا ماسٹر مائنڈ اور تحریک طالبان پاکستان کا بدنام زمانہ سرغنہ طارق رفیق افغانستان کے علاقے کنڑ میں مارا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغانستان میں چینی تنصیبات پر حملے اور ان میں سہولت کاری کا ملزم محمد طارق رفیق عرف بٹن خراب افغانستان کے صوبہ کنڑ کے علاقے پچ درہ میں ہلاک ہوا ہے۔
واضح رہے کہ 14 جولائی 2021 کو خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے قریب چینی انجینیئروں کی بس پر دہشت گرد حملے میں چینی انجینیئروں سمیت 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
ابتدائی طور پر واقعے کو حادثہ قرار دیا گیا تھا تاہم بعد میں اس واقعہ میں دھماکا خیز مواد کے استعمال کی تصدیق کی گئی تھی۔
چینی انجینئیرز اور دیگر عملہ دو بسوں میں معمول کے مطابق صبح کی شفٹ میں کام کے لیے داسو ہائڈرو پاور پروجیکٹ سائٹ پر جارہے تھے۔
طارق عرف بٹن خراب کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سوات سے تھا، جو 14 جولائی 2021 کو کوہستان میں داسو خودکش بم دھماکے کا منصوبہ ساز تھا۔
اسے 26 اپریل 2022 کو کراچی میں چینی زبان کے مرکز کو نشانہ بنانے والے بی ایل اے کے ساتھ مل کر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کا بھی ذمہ دارٹھہرایا گیا تھا۔