آئی ایم ایف مذاکرات: عام آدمی پر ٹیکسز کا بوجھ کم پڑےگا، حکومت پرامید

جمعرات 9 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام کے مابین مذاکرات کا آج آخری روز ہے اور توقع ہے کہ فریقین میں میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز مسودہ پر اتفاق ہوجائے گا بصورت دیگر مذاکرات میں توسیع بھی ہوسکتی ہے تاہم ہر دو صورتوں میں حکومت پرعزم ہے کہ ٹیکسز کا بوجھ عام آدمی پر کم سے کم ڈالا جائے گا۔

گو آئی ایم ایف نے بدھ کو ایم ای ایف پی مسودہ پاکستانی حکام کے ساتھ شیئر نہیں کیا لیکن امکان ہے کہ آج حتمی مسودہ فائنل کر لیا جائے گا اور اس کی بنیاد پر فریقین کے مابین اسٹاف سطح کا معاہدہ ہوجائے گا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غو ث پاشا نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عام آدمی متاثر نہ ہو  اس لیے بجلی ٹیرف یا ٹیکس کا زیادہ بوجھ صاحب ثروت لوگوں پر ڈالا جائے گا جب کہ  نئے اقدامات کا عام آدمی پر کم از کم بوجھ ڈالا جائے گا۔

وزیر مملک نے بتایا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کےمابین مذاکرات اب اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں اور معاہدہ جلد جبکہ اس حوالے سے ہونے والے فیصلوں پر وزیراعظم کی منظوری بھی لے لی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کہ آئی ایم ایف نے مالیاتی منصوبے میں 500 ارب روپے سیلاب سے بحالی کے اخراجات کی حد تک نرمی کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جو بنیادی توازن میں تقریباً 600 ارب روپے کا خسارہ پیدا کرے گا جسے اخراجات میں کمی اور اضافی ٹیکس کے اقدامات سے پورا کیا جائے گا۔

حکومت نے رواں مالی سال کے لیے تقریباً ساڑھے 9 کھرب روپے کے فرق کو پورا کرنے کے لیے مطلوبہ بجلی کے ٹیرف ایڈجسٹمنٹ پر رضامندی ظاہر کی ہے لیکن ابھی تک مختلف زمروں اور محفوظ صارفین کے لیے کراس سبسڈیز اور اس زمرے کے تحت کھپت کی حد پر کام کرنا باقی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp