اسرائیل کا بیان عمران خان کے حق میں ہے: وزیر اعظم شہباز شریف

بدھ 12 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کوئی حلوہ نہیں، ہم نے سیاست کو داؤ پر لگا کر ریاست کو بچایا، امید ہے آج آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو جائے گا۔

اسلام آباد کے علاقے شاہین چوک میں فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم  نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے جاتے جاتے ریاست کو داؤ پر لگا دیا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی تو ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو 2018 میں اسٹیبلشمنٹ نے دھاندلی کے ذریعے الیکشن جتوا کر اقتدار میں بٹھایا، کس نے کہا تھا کہ پاکستان خدانخواستہ سری لنکا بننے جا رہا ہے۔ پاکستان آج قرضوں کے پہاڑ تلے دبا ہوا ہے۔

ہمیں مجبوراً آئی ایم ایف کے پروگرام کو اپنانا پڑا

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں مجبوراً آئی ایم ایف کے پروگرام کو اپنانا پڑا، معاشی بحالی کا پروگرام سامنے آ چکا ہے، ہماری حکومت کی مدت پوری ہونے کو بھی ایک مہینہ رہ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ساڑھے 3 سال میں معیشت کا بیڑا غرق کیا، اللہ کا شکر ہے ہمارے سوا سال کے دور حکومت میں آٹے اور چینی جیسا کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا، گزشتہ حکومت میں بڑے بڑے ٹھیکیداروں نے اپنی جیبیں بھریں۔ دوسروں کو چور اور ڈاکو کہنے والے نے خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی تک بیچ ڈالی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری اجتماعی کوششوں کی بدولت آج ریاست بچ گئی، اب ہم نے زرعی، معدنیات اور ٹیکسٹائل سیکٹر کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ نے اسرائیل کا بیان پڑھا اور سنا ہو گا۔ وہ اسرائیل جو فلسطینیوں پر طرح طرح کے مظالم ڈھا رہا ہے وہ کہہ رہا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، اصل میں اسرائیل کا بیان چیئرمین پی ٹی آئی کے حق میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین میں انسانی حقوق کی جو خلاف ورزیاں کیں اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، دوسروں پر تنقید کرنے سے قبل اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔

اتحادی حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہو جائے گی

قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان کی اتحادی حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہو جائے گی جس کے بعد الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔

اسلام آباد میں ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ اور قومی نصاب کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کہا کہ آئی ایم سے معاملات طے پاچکے ہیں۔ بس پیسے آنا ‘باقی ہیں۔ ’یہ ہمارے لیے لمحہ فخریہ نہیں لمحہ فکریہ ہے، یہی دعا ہے کہ جلد آئی ایم ایف سے جان چھوٹ جائے۔

سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر آرمی چیف کوششوں سے ملے

انہوں نے کہا کہ ہم معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر خالصتاً آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کوششوں سے ہمیں ملے۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ جدید تعلیم کے ذریعے ہی پاکستان کی ترقی و خوشحالی ممکن ہے کیوںکہ جتنی بھی قومیں اس وقت دنیا میں ترقی یافتہ ہیں انہوں نے تعلیم کے ذریعے ترقی حاصل کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پنجاب انڈوومنٹ فنڈ کو جلد ہی پاکستان انڈوومنٹ فنڈ بنایا جائے گا جس کے لیے حکومت نے 14 ارب روپے مختص کردیے ہیں،انہوں نے نے بتایا کہ ان کی پنجاب حکومت نے 2008 میں یہ فنڈ قائم کیا تھا جس سے ہزاروں غریب طلبا مستفید ہوچکے ہیں۔

ملک کے مالی وسائل طلبا پر نچھاور کرنا ہوں گے

وزیر اعظم نے کہاکہ 2008 میں پنجاب میں انڈومنٹ فنڈ کا آغاز کیا گیا، غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے محنتی بچوں کو اس فنڈ سے استفادے کا موقع دیا گیا، جن میں سے آج ہزاروں بچے ڈاکٹر اور انجنیئرز بن چکے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم آتے جاتے رہتے ہیں لیکن اس نوعیت کے فنڈز برقرار رہنا چاہییں۔ ’جو بھی حکومت آئے اس کی پہلی ترجیح تعلیم ہونی چاہیے۔ ملک کے مالی وسائل طلبا پر نچھاورنہ کیے گئے تو ہم دنیا میں پیچھے رہ جائیں گے۔‘

وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ ان کی ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ تعلیم کے وسائل کو بڑھایا جائے کیونکہ تعلیم کے شعبے میں آگے بڑھے بغیر قوم ترقی نہیں کرسکتی، آج ہمسایہ ممالک ہم سے اسی وجہ سے آگے جاچکے ہیں کیونکہ ہم نے تعلیم پر توجہ نہیں دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp