9 مئی مقدمہ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی ضمانت منظور کر لی

جمعرات 13 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی 9 مئی کے مقدمے میں ضمانت منظور کرلی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کی۔ شاہ محمود قریشی کے وکیل سید علی بخاری اور اسد عمر کے وکیل شیر افضل مروت عدالت میں پیش ہوئے۔

شاہ محمود قریشی کے وکیل ایڈووکیٹ سید علی بخاری نے 9 مئی کے واقعے کی ایف آئی آر پڑھ کر سنائی، اسد عمر کے وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کو بتایا کہ نچلی عدالت نے ہمارا کردار واضح کیے بغیر ہماری ضمانت کی درخواست مسترد کی، 10 گھنٹے تک وقوعہ ہوتا رہا لیکن دونوں شخصیات موقع پر موجود نہیں تھیں۔

اس دوران سرکاری وکیل نے عدالت سے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی اور کہا کہ اسد قیصر کی طرف سے بھی ایک درخواست آئی ہوئی ہے تو یہ کیس بھی اس کے ساتھ رکھ لیا جائے۔

وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ اسد قیصر کی ضمانت کی درخواست ایک اور مقدمے میں ہے، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی درخواستیں مختلف مقدمات میں دائر ہیں۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستیں دائر کرتے ہوئے ضابطے کو نہیں اپنایا گیا۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار صرف اپنی حد تک ذمہ دار ہیں، شریک ملزمان سے ان کا کیا تعلق؟ جو آپ کہہ رہے ہیں اگر ان شرائط کو لاگو کریں تو کوئی درخواست ضمانت دائر ہی نہیں کرسکے گا۔

وکیل علی بخاری نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اور اسد عمر پر مقدمے میں ایماء کا الزام ہے، جسٹس طارق جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ مقدمے کے مطابق 9 مئی کی ایماء  چیئرمین تحریک انصاف کا ویڈیو پیغام تھا، شاہ محمود اور اسد عمر پر کوئی بیان جاری کرنے کا تو الزام ہی نہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر اسد عمر کی ضمانتیں منظور کرلیں۔

شاہ محمود قریشی کی میڈیا سے گفتگو

سلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت لینے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتحابات قریب آتے جا رہے ہیں اور پی ڈی ایم میں دراڑیں واضح ہوتی جا رہی ہیں، گورنر کے پی کے اپنی جماعت کے لیے گراونڈ سیٹ کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایاز صادق کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی ہے، وہ کمیٹی انتحابات اصلاحات پر غور وفکر کررہی ہے، انتحابی اصلاحات کمیٹی کے سامنے 73 ترامیم رکھی گئی ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر توشہ خانہ کیس سے متعلق سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پلڈاٹ کے نمائندے احمد بلال محبوب کا توشہ خانہ سے متعلق ایک تجزیہ آیا ہے، تمام دوست اس تجزیے کو ضرور پڑھیں، اس تجزیے میں توشہ خانہ سے تحفے لینے کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کی ابھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی سے ملاقات ہوئی ہے، وہ جب وزیر خارجہ تھے تو انہوں نے پوری کوشش کی کہ عافیہ صدیقی واپس آ جائے۔

انہوں نے کہا کہ بطور وزیر خارجہ عافیہ صدیقی کا مقدمہ امریکہ کے سامنے رکھا، ہر پہلو سے جائزہ لیا گیا کہ کس طرح عافیہ صدیقی کو اس کیس میں ریلیف مل سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp