مخالفین چاہتے ہیں کہ میں نئی پارٹی پیٹریاٹ کی سربراہی کروں، شیخ رشید

جمعرات 9 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ یہ نئی پارٹی پیٹریاٹ بنانے جا رہے ہیں،یہ چاہتے ہیں کہ میں نئی پارٹی پیٹریاٹ کی سربراہی کروں۔

مری میں عدالت پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف کوئی کیس نہیں ہے،انہوں نے میرے گھر میں ڈکیتی کی ہے، میرے گھر سے سامان لوٹا گیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ یہ صوبائی الیکشن نہیں کروا رہے، یہ قومی اسمبلی کے انتخابات اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خالفین چاہتے ہیں کہ پیٹریاٹ پارٹی کی سربراہی کروں ، ساری زندگی جیل جا سکتا ہوں مگر بے وفائی نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ  این اے 62سے قلم دوات کے نشان سے لڑ رہا ہوں، رمضان میں جیل سے الیکشن لڑوں گا۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو آج راہداری ریمانڈ پر مری پولیس نے عدالت میں پیش کیا،شیخ رشید کو سول جج مری محمد ذیشان کی عدالت میں پیش کیا گیا

شیخ رشید کو 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ہے، مری پولیس نے شیخ رشید کوسول کورٹ میں پیش کر کے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی،مری پولیس کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ شیخ رشید سے مقدمے سے متعلق تفتیش کرنی ہے اور کچھ ریکوریز کرنی ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ شیخ رشید کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔

عدالت نے مری پولیس کی جانب سے شیخ رشید کا 3روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کر دی اور انہیں 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp