دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا میں نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ، مون سون کی بارشیں بھی متوقع

ہفتہ 15 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئندہ 24 تا 48 گھنٹوں کے دوران دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا میں نچلے درجے کا سیلاب متوقع ہے، ملحقہ نشیبی علاقے ممکنہ اثرات کے زیرِ اثر آ سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں ملک کے مختلف شہروں میں تیز ہوا، آندھی اور گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ تیز آندھی اور گرج چمک سے کمزور اور خستہ حال بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز، بل بورڈز اونچے درختوں یا زیر تعمیر عمارتی ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

حفاظتی اقدامات

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں ایمرجنسی عملہ و مشینری بشمول ڈی واٹرنگ پمپس کی فراہمی یقینی بنائے۔ انتظامیہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے انڈر پاسز اور نشیبی سڑکوں سے نکاسی آب آپریشن کے دوران متبادل ٹریفک پلان کو بھی یقینی بنائے۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ اسٹاک ٹیکنگ کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں مانیٹرنگ جاری رکھیں اور پی ڈی ایم اے پنجاب نشیبی علاقوں کے مکینوں کو بروقت اطلاع دیتے ہوئے انخلاء کو یقینی بنائے۔

15 سے 17 جولائی کے دوران مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جو 15 جولائی کو شدت اختیار کر یں گی۔ جس کے باعث کشمیر (وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور)، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، قصور اور اوکاڑہ میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ بعض مقا مات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔

گلگت بلتستان (دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، شگر)، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم، لکی مروت، کوہاٹ، ڈی آئی خان، بنوں، کرک، وزیرستان، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، حافظ آباد، شیخو پورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

اس دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اور لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جبکہ مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

کسان حضرات موسمیا تی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں۔ سیاحوں کو بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آندھی، شدید بارشوں کے دوران عوام کو محفوظ مقامات پر رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp