پرویز خٹک کی عمران خان کو الیکشن لڑنے کا چیلنج دینے کی تردید

ہفتہ 15 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو الیکشن لڑنے کا چیلنج دینے سے متعلق بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کچھ کہنا ہوگا تو وہ خود سامنے آکر بتائیں گے۔

حال ہی میں بعض میڈیا میں پرویز خٹک سے منسوب ایک مبینہ بیان رپورٹ کیا گیا تھا جس کے مطابق انہوں نے عمران خان کو چیلنج کیا تھا کہ ہمت ہے تو سامنے آکر مقابلہ کریں۔ کیپٹل نیوز کے مطابق پرویز خٹک نے عمران خان کو ان کے مقابلے پر الیکشن لڑنے کا چیلنج دیا تھا۔

اپنی ایک ٹوئیٹ میں پرویز خٹک نے خود سے منسوب بیانات کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے اسے نظر انداز کرنے کا کہا ہے۔

ان کے بیٹے اشتیاق خٹک نے بھی جیو نیوز کو بتایا کہ ان کے والد کے نام سے منسوب تمام بیانات جھوٹ پر مبنی ہیں، پی ٹی آئی کے ساتھ اچھا وقت گزرا ہے، اس کے خلاف باتیں کیوں کریں۔ والد عنقریب سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان کے بیانات کے حوالے سے میڈیا میں زیر گردش خبریں سراسر غلط ہیں۔ ’اگر مجھے کچھ کہنے کی ضرورت ہے تو میں خود اسے بتاؤں گا۔ براہ کرم کسی بھی گمراہ کن معلومات کو نظر انداز کریں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں تحریک انصاف نے پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کردی تھی۔

تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے جاری کیےگئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پرویز خٹک کو 21 جون کو بھیجے گئے شو کاز نوٹس کا مقررہ مدت کے دوران اطمینان بخش جواب موصول نہیں ہوا۔

نوٹس میں کہا گیا تھا کہ پرویز خٹک سے پارٹی ارکان سے رابطوں اور پارٹی چھوڑنے کےلیے اکسانے پر جواب طلبی کی گئی تھی تاہم تسلی بخش جواب نہ ملنے پر ان کی تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت فوری طور پر ختم کردی گئی تھی۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp