گنج پن دلہے کے لیے وبال بن گیا، بات پنچایت تک جا پہنچی

ہفتہ 15 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بہت سے لوگوں نے بھارت میں ایوشمان کھرانہ کی فلم ’بالا ‘ تو دیکھی ہو گی، جس میں یہ بتانے کی کوشش کی گئی ہے کہ گنجے مردوں کو کن حالات سے گزرنا پڑتا ہے، فلم میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص جو خاتون سے بے انتہا پیار کرتا ہے وہ اس کے گنجا ہونے کے بعد اسے چھوڑ دیتی ہے۔

یہ تو ذکر تھا فلم کا لیکن اس کا عملی مظاہرہ بھارت میں ہی ایک واقعہ کے طور پر سامنے آیا ہے، بھارتی ریاست بہار کے ضلع ’گیا‘ کے ایک علاقے باجوڑہ گاؤں میں ایک دولہے کی شادی کی تقریب کے دوران گنجے پن کو چھپانے پر سسرالیوں نے دھلائی کر دی، گنج پن چھپانے کی پاداش میں دلہن کے خاندان والوں نے اسے تقریب کے دوران ہی آڑے ہاتھوں لیا اور تھپڑوں اور مکوں کی بارش کر دی۔

اس پورے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں دلہن والے اس شخص کو تھپڑ مارتے اور گالی گلوچ کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں، جب کہ دولہا ہاتھ جوڑ کر التجا کر رہا ہے۔ مارپیٹ کی اصل وجہ اس وقت سامنے آئی جب دولہا شادی کی پوری تقریب میں ’وگ‘ (مصنوعی بال) پہن کر گھومتا پھرتا رہا۔ کہ اچانک دلہن کے رشتہ داروں کو اس پر شک ہوا اور اس کے سر پر سے مصنوعی بال (وگ) اکھاڑ پھینکے۔

دلہن کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ اس نے دھوکہ دیا اور جھوٹ بولا، اس نے نہیں بتایا کہ اس کے سر پر بال نہیں اور وہ وگ پہنے ہوئے ہے۔ دولہے کے بار بار معافی مانگنے کے باوجود دلہن کے اہل خانہ اپنی شکایت گاؤں کی پنچایت کے پاس لے گئے۔ اطلاعات کے مطابق اس سارے واقعے میں پولیس ملوث نہیں ہوئی اور صورتحال کو پنچایت کی سطح پر حل کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp