دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب، بہاولنگر میں ریلیف کیمپس قائم

اتوار 16 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مون سون کی طوفانی بارشوں اور دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کے پیش نظر پاک فوج نے ضلع بہاولنگر کے متعدد مقامات پر ریلیف کیمپ قائم کر دیے۔ ہنگامی صورتحال میں بہاولپور کور کے فوجی دستے اضافی ساز و سامان کیساتھ سٹینڈ بائی رہیں گے۔

مون سون کی موسلادھار بارشوں اور بھارت کی آبی جارحیت کی وجہ سے دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ پاک فوج، رینجرز اور سول ایڈمنسٹریشن سیلاب زدگان کی امداد کے لیے تیار ہیں۔ سیلاب کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر ریلیف اور متاثرین کے انخلاء کے لیے بہاولنگر، چشتیاں اور سلیمانکی کے متعدد مقامات پر ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں۔

دریائے ستلج کے بہاؤ کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر بہاولپور کور کے فوجی دستے اضافی ساز و سامان کیساتھ سٹینڈ بائی رہیں گے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔

گنڈا سنگھ والا میں پانی کے بہاؤ میں کمی

فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن اور محکمہ آبپاشی پنجاب کے اعداد و شمار کے مطابق گنڈا سنگھ والا میں پانی کے بہاؤ میں کمی کیساتھ 29,000 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ سلیمانکی پہنچنے والا پانی 70,000 کیوسک تک بڑھ گیا ہے تاہم بہاؤ مستحکم رجحان کی نشاندہی کر رہا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان کے علاقوں میں پانی کا بہاؤ ریکارڈ نہیں ہوا۔

محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی

مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے کہیں ہلکی تو کہیں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ بارشوں سے دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال اور ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ بارشوں سے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا۔ دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد،کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ اسکے علاوہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہے گا تاہم کراچی اور گردو نواح میں رات کے اوقات میں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش راولپنڈی میں 79 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp