لیونل میسی کا پی ایس جی کے بعد امریکی کلب انٹر میامی کے ساتھ معاہدہ

اتوار 16 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشہور فٹبالرلیونل میسی نے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) کو خیر باد کہتے ہوئے امریکی فٹبال کلب انٹر میامی کے ساتھ 2025 تک معاہدہ کر لیا۔

امریکی میجر لیگ سوکر (ایم ایل ایس) نے ارجنٹائن کے ہیرو فٹبالرلیونل میسی کے انٹر میامی کلب کے ساتھ 2025 تک کے معاہدے کی تصدیق کر دی، جس کے بعد انٹر میامی کے شریک مالک ڈیوڈ بیکہم نے کہاکہ یہ معاہدہ ایک خواب تھا جو آخر کار سچ ثابت ہو گیا ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ڈیوڈ بیکہم نے کہاکہ 10 سال پہلے میامی میں ایک نئی ٹیم بنانے کے لیے اپنے سفر کا آغاز کیا تو میں نے دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کا خواب دیکھا تھا، وہ آج پورا ہو چکا ہے، مجھے فخر ہے کہ دنیا کا بہترین کھلاڑی لیونل میسی ہمارے کلب میں شامل ہو گیا ہے۔

انکا کہنا تھاکہ ایک اچھے دوست، بہترین کھلاڑی اور خوبصورت انداز رکھنے والے کھلاڑی کو انٹر میامی کمیونٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہتا ہوں اور مجھے خوشی کہ جتنا جلدی ہوسکے میسی کو میدان میں کھیلتے دیکھوں۔

دوسری جانب لیونل میسی نے کہاکہ اپنے کیریئر کا اگلا مرحلہ انٹر میامی امریکا کے ساتھ شروع کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوں، میرے لیے یہ ایک بہترین موقع ہے کہ میں اس پروجیکٹ کو جاری رکھوں اور تاکہ ہم مل کر اپنے طے کردہ مقاصد کو حاصل کر سکیں۔

واضح رہے میسی ایم ایل ایس لیگز کپ کے اپنے افتتاحی میچ میں 21 جولائی کو لیگا ایم ایکس کے خلاف انٹر میامی کی جانب سے کھیلنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔

یاد رہے لیونل میسی اب تک 3 کلبز میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں، میسی اپنے کیریئر کے آغاز میں سب سے پہلے اسپین کے مشہور کلب ایف سی بارسیلونا کے ساتھ منسلک رہے اسکے بعد فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمن کی طرف سے کھیلتے رہے اور اب امریکا کے انٹر میامی کلب میں شامل ہو چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp