سابق وزیراعلیٰ پنجاب و پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات بروقت ہونے چاہییں اور یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
اتوار کو اقبال ٹاؤن لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ آج پاکستان کے عوام شدید مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں، اگر کوئی کہے کہ سب اچھا ہے تو یہ انصاف نہیں ہو گا۔
مزید پڑھیں
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس وقت پاکستان معاشی مشکلات کا شکار ہے جس کی وجہ سے بجلی کے بل زیادہ آ رہے ہیں، لوگوں کے لیے بچوں کی اسکولز کی فیسیں دینا مشکل ہو رہا ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی حکومت چھوڑنے سے قبل پاکستان کو ڈیفالٹ کے کنارے پر پہنچا چکا تھا۔ اگر موجودہ حکومت کاوش نہ کرتی تو پاکستان ڈیفالٹ کر جاتا۔ ایسا ہونے کی صورت میں معاشی حالات مزید ابتر ہو سکتے تھے۔
سینیئر رہنما ن لیگ نے کہا کہ آئی ایم ایف جانے کے بجائے خود کشی کے دعوے کرنے والے عمران نیازی نے عوام کو خود کشی پر مجبور کیا، اس وقت ملک کا مستقبل شفاف انتخابات میں پنہاں ہے۔
آئین اور جمہوریت ہی ملک کو آگے لے کر جائیں گے
انہوں نے کہا کہ آئین اور جمہوریت ہی ملک کو آگے لے کر جائیں گے، تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ایک معاہدہ کرنا ہوگا۔ ملکی معیشت کو مل کر آگے لے کر جانا ہوگا۔
حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے معیشت کے ساتھ کھلواڑ ایٹمی ملک کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ موجودہ وقت میں معاشی طاقت ہی قوموں کو عزت بخشتی ہے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ زراعت ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، کاشتکار کو مضبوط بنائیں گے تو ریڑھ کی ہڈی مضبوط ہو گی۔
100 یونٹ بجلی فری دینے کا اعلان انا کی نذر ہو گیا
انہوں نے کہا کہ میں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب 100 یونٹ تک بجلی فری کرنے کا فیصلہ کیا تھا مگر وہ انا کی نذر ہو گیا، ہم نے آٹے اور ادویات کی قیمتوں میں کمی کی جو ایک ریکارڈ ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ جو بھی حکومت آئے اسے عوام کے بھلے کے لیے کام کرنا چاہیے، موجودہ حکومت نے تو عمران خان کی غلطیوں کو سدھارنے کی کوشش کی۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین اور سعودی عرب کا اعتماد بحال ہو گیا، اس کے علاوہ سی پیک بھی بحال ہو گیا۔
سینیئر لیگی رہنما نے کہا کہ 9 مئی کے گناہ ناقابل معافی ہیں، ایسے مجرمانہ عمل تب رکیں گے جب ملوث لوگوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ جمہوریت کو پنپنے کا موقع کم ملا جس میں کسی ایک کا قصور نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ملک کو آگے لے جانے کے لیے 10 سالہ منصوبہ بنانا ہو گا۔