پارلیمنٹیرینز نامی بیج عوامی ردعمل کی بارش میں بہہ جائے گا، ترجمان پی ٹی آئی

پیر 17 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہاکہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز نامی بیج عوامی رد عمل کی پہلی بارش میں ہی بہہ جائے گا، مون سون جاری ہے اور ملک میں ساون کے گھاس کی طرح جماعتیں اگ رہی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں پرویزخٹک کی جانب سے نئی جماعت کے اعلان پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے رد عمل دیتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہاکہ ملک میں جمہوریت کی کھڑی فصل کو 14 جماعتی ٹڈی دَل سے تباہ کرنے کے بعد سیاست کو جھاڑیوں کے ذریعے آباد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہاکہ میدانِ سیاست میں ان نئی فصلوں کی آبیاری کے چیلنج میں ’محکمہ زراعت‘  کے اہلکار شب و روز محنت سے ہلکان ہورہے ہیں، جنہوں نے چند ہفتے پہلے بھی لاہور میں ایک بیج بویا تھا جو گلا سڑا نکلا۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ استحکام پاکستان مارکہ بیج گلا سڑا نکلا جو فصل بننے سے پہلے ہی خاک میں مل گیا، اسی طرح خیبرپختونخوا میں بھی پارلیمنٹیرینزنامی بیج بھی عوامی ردّعمل کی پہلی بارش میں ہی بہہ جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ پسِ پردہ سازشوں میں شریک گندے انڈے بے نقاب کرنے اورانہیں تحریک انصاف سے الگ کرنے پر بہرحال ”محکمۂ زراعت“ اور اس کے ”عملے“ کے شکرگزار ہیں۔

رؤف حسن کا مزید کہنا تھاکہ ملکی سیاست طرح طرح کے رنگوں سے نکل کر سیاہ و سفید میں ڈھل چکی ہے۔

انہوں نے شاعرانہ انداز میں تنقید کرتے ہوئے لکھاکہ”عشق قاتل سے بھی، مقتول سے ہمدردی بھی“ اور ”سجدہ خالق کو، ابلیس سے یارانہ بھی“ کا زمانہ بیت چکا ہے۔

انکا مزید کہنا تھاکہ قوم یک زبان، ہم آواز اور یکجا ہوکر پوری یکسوئی سے آئین و قانون کی حکمرانی اور حقیقی آزادی کا پرچم تھامنے والے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp