15 دنوں میں سودی نظام ختم نہ ہوا تو جنگ کریں گے، سراج الحق

پیر 17 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی پاکستان (جے آئی پی ) کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے سودی نظام ختم نہ کیا تو اس کے خلاف ’جنگ ‘ کا اعلان کرتا ہوں۔ مولانا فضل الرحمٰن کے حکومت میں ہوتے ہوئے ملک میں شرح سود کا بڑھنا افسوس ناک ہے۔

پیر کو پشاور میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ’حرمت سود کانفرنس‘ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا تھا کہ ، سود معاشی برائیوں کی جڑ ہے، سود کے خلاف جہاد کر رہے ہیں، اس کے مکمل خاتمے تک ہمارا جہاد جاری رہے گا۔

ملک میں ظالمانہ اور کرپشن زدہ نظام قائم ہے: سراج الحق

انہوں نے کہا کہ ملک میں ظالمانہ اور کرپشن زدہ نظام قائم ہے، ہم نے سود کے خلاف قانونی جنگ جیتی ہے۔ حکومت نے اگر سودی نظام ختم نہ کیا تو اس کے خلاف جنگ کا اعلان کرتا ہوں۔

خیبرپختونخوا میں جب ہمیں موقع ملا تو سود کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔ افسوس ہے کہ جب حکومت چوروں کے ہاتھوں میں ہو گی تو چوری ختم کیسے ہوگی؟

مولانا فضل الرحمٰن کے ہوتے ہوئے بھی شرح سود بڑھتا جا رہا ہے، امیر جماعت اسلامی

سراج الحق نے کہا کہ نواز شریف نے سودی نظام کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا لیکن ختم نہیں کیا۔ آج ملک میں پیپلز ڈیموکریٹک الائنس ( پی ڈی ایم) کی حکومت مولانا فضل الرحمٰن کے ہاتھوں میں ہے، افسوس ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے ہوتے ہوئے بھی شرح سود بڑھتا جا رہا ہے۔پی ڈی ایم نے سودی نظام ختم کرنے کے بجائے شرح سود بڑھا دیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اگر موقع ملا تو ملک سے سودی نظام ختم کر کے دم لیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کی حکومت میں مہنگائی کے خلاف بلاول اور مولانا فضل الرحمٰن احتجاج کیا کرتے تھے، آج پی ٹی آئی کی حکومت سے زیادہ مہنگائی ہے لیکن سب چپ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 15 مہینوں میں صوبے خیبر پختونخوا میں کرپشن کے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں کا ایجنڈا مغرب کا ایجنڈا لگتا ہے۔ وزیر اعظم سے کہتا ہوں 15 یا 20 دنوں میں سودی نظام ختم کر دیں۔صعنتی قرضے جو سود کی بنیاد پر لیے ہیں ختم کیے جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp