اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بالی ووڈ کیوں چھوڑا اور ہالی ووڈ کا تجربہ کیسا رہا؟

منگل 18 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ سے کنارہ کشی کے بعد اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنی توجہ ہالی ووڈ کی طرف مبذول کر لی۔ اب وہ ہالی ووڈ میں اپنے کیریئر کے عروج پر ہیں،اس وقت وہ ادریس ایلبا اور ریسلر جان سینا کے ساتھ ایک اور ہالی ووڈ فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کا نام ہیڈز آف اسٹیٹ ہے۔

2018 میں، جب کافی وِد کرن کے سیزن 6 میں پریانکا چوپڑا سے پوچھا گیا کہ کیا وہ کس بالی ووڈ اسٹار کو پسند کرتی ہیں؟ تو انہوں نے فورا صاف جواب دیا کہ’کسی کو نہیں۔‘ پریانکا چوپڑا کے اس جواب نے بہت سے بالی ووڈ اسٹاز کو حیرت میں ڈال دیا ہو گا۔

امریکی سیریز کوانٹیکو کے ساتھ ہالی ووڈ میں پرینکا چوپڑا کی کامیابی اور ان کے ’اے کِڈ لائک جیک‘ اور ’بے واچ‘ جیسی فلموں میں پریانکا چوپڑا کے کردار نے ہندی فلم انڈسٹری میں بہت سے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ بھی ہالی ووڈ میں اپنی قسمت آزما سکیں۔ اگرچہ بالی ووڈ کے بہت سے ستاروں نے ہالی ووڈ فلموں میں قسمت آزمائی کی لیکن کامیاب نہ ہوئے، دوسری طرف لیکن پریانکا چوپڑا نے ہالی وڈ میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑھ دیے ہیں۔

اپنے کیریئر کے عروج پر بالی ووڈ کو الوداع کہنے والی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ہالی ووڈ میں اپنی کارکردگی سے یہ ثابت کیا کہ وہ صرف ایک بالی ووڈ اداکارہ ہی نہیں بلکہ ان میں اور بھی بہت ساری صلاحیتیں ہیں۔

پریانکا نے بطور گلوکارہ ہالی ووڈ میں قدم رکھا۔ ’مائی سٹی‘ اور ’ایکزیوٹک‘ جیسے گانے گائے، ان فلموں میں ان کے گانے Will.I.Am اور Pitbull شامل ہیں۔

اپنے حالیہ انٹرویوز میں پریانکا چوپڑا نے ہندی فلم انڈسٹری میں سیاست اور اقربا پروری اور ان کو بالی ووڈ میں نمایاں مقام نہ ملنے کے حوالے سے بات کی ہے۔

انڈین ایکسپریس کو دیے گئے انٹرویو میں اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بالی ووڈ میں سیاست کے بارے میں بات کی اور ہالی ووڈ فلموں کے لیے اپنے ابتدائی گانوں کو ہالی ووڈ میں گیٹ وے کے طور پر بتایا۔

بالی ووڈ میں مجھے سائیڈ لائن کر دیا گیا، پریانکا چوپڑا

پرنکا چوپڑا نے انٹرویو میں کہا کہ ’مجھے بالی ووڈ انڈسٹری میں ایک کونے میں دھکیلا جا رہا تھا۔ لوگ مجھے فلموں میں کاسٹ نہیں کر رہے تھے تو میں نے سوچا کہ مجھے بریک لینے کی ضرورت ہے، اس بریک میں، میں نے ہالی ووڈ فلموں کے لیے گانے گائے جنہوں نے مجھے امریکا پہنچا دیا۔‘

پریانکا چوپڑا کے مطابق ان کی کامیابی کو ہندی فلم انڈسٹری میں کچھ لوگوں نے قبول نہیں کیا اور ان کے کیریئر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

’ہم میں سے بہت کم لوگ کسی دوسرے کی کامیابی پر خوش ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ بھی ہیں جو میرے کیریئر کو خطرے میں ڈالنا چاہتے ہیں۔‘

’مجھے ڈر تھا کہ میری فلمیں کامیاب نہیں ہوں گی اس لیے کہ میں امیر نہیں ہوں‘

بالی ووڈ میں اقربا پروری طویل عرصے تک رائج رہی ہے۔ پریانکا چوپڑا نے بتایا ’جب میری 6 فلمیں ناکام ہوئیں تو میں گھبرا گئی تھی کہ میری فلمیں اس لیے ناکام ہو رہی ہیں کیوں کہ میں امیر نہیں ہوں، میرے پاس اس قسم کی حمایت نہیں ہے جو بالی ووڈ میں دوسرے لوگوں کو حاصل ہے۔‘

کام کرنے والوں کو میرٹ کی بنیاد پر مقام ملنا چاہیے

پریانکا چوپڑا کہتی ہیں کہ ’میرے خیال میں مواقع اور میرٹ کے بارے میں بات چیت ضروری ہے۔ اب ہم سٹریمنگ کی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں بہت کچھ ہے۔ ہندی فلم انڈسٹری پچھلے 5، 10سالوں میں بہت بدل چکی ہے۔ بہت سارے مصنفین، ہدایت کار، اداکار ہیں جو باہر سے انڈسٹری میں آئے ہیں۔‘

’جب میں نے کیریئر شروع کیا تو ایسا بالکل نہیں تھا، اس لیے میں سمجھتی ہوں کہ کام کی جگہ میرٹ پر مبنی ہونی چاہیے، کام کی جگہ ایک مثبت ماحول ہونا چاہیے، سیاست اور ڈرامے کی بجائے کاسٹنگ ڈائریکٹر کا کام ہونا چاہیے۔‘

پریانکا چوپڑا کو پہلی بار مرد اداکار کے برابر معاوضہ کب اور کس فلم میں ملا؟

22 سال پر محیط کیریئر میں پریانکا کو صرف ان کے حال ہی میں ریلیز ہونے والے ویب شو Citadel میں ان کے مرد ساتھی اداکار کے برابر معاوضہ دیا گیا۔
ایمیزون اسٹوڈیوز کے سربراہ جینیفر سالکے کے ساتھ ساؤتھ بائی ساؤتھ ویسٹ فلم فیسٹیول (SXSW) 2023 میں انٹرویو کے دوران پریانکا نے کہا ’میں اب 22 سالوں سے تفریحی صنعت میں کام کر رہی ہوں، میں نے تقریباً 70 سے زیادہ فیچرز اور 2ٹی وی شوز کیے ہیں لیکن جب میں نے Citadel کیا تو یہ میرے کیریئر میں پہلی بار تھا کہ مجھے مرد اداکار کی برابری کا معاوضہ ملا۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp