سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
ڈان نیوز کے مطابق سوات اور قریبی علاقوں میں زلزلے کے سبب علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.4 ریکارڈ کی گئی ہے جس کی زیر زمین گہرائی 203 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ کا مرکز پاک افغان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔ فوری طور پر کسی جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔
چند روز قبل ترکیہ اور شام میں آنے والے ہولناک زلزلہ کے بعد کچھ حلقوں کی جانب سے یہ خبریں بھی گردش کر رہی تھیں کہ پاکستان کی سرحدی پٹی میں بھی خوف ناک زلزلہ آئے گا تاہم اتھارٹیز کی جانب سے ان باتوں کی تردید کی گئی تھی۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات زاہد رفیع کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 7 اعشاریہ کی شدت کا زلزلہ 2005 اور 2013 میں آچکا ہے اس لیے اتنی شدت کے زلزلہ کی واپسی اتنی جلدی نہیں ہوسکتی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ میں جہاں زلزلہ آیا وہاں ماضی قریب میں اتنا بڑا زلزلہ نہیں آیا۔