بلوچستان کا نگران وزیر اعلیٰ کون ہوگا؟

بدھ 19 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملکی تاریخ میں ایک بار پھر حکومت اپنی آئینی مدت اگست میں پوری کرنے جا رہی ہے۔ جس کے بعد نگران حکومت عام انتخابات تک حکومت کی گاڑی کو دھکا دے گی۔ وفاق میں نگران وزیراعظم کی تقرری کے لیے پی ڈی ایم کی جماعتوں نے جہاں مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے وہیں بلوچستان میں حکومتی اتحاد اور اپوزیشن جماعتوں نے بھی نگران وزیرِ اعلی کی تعیناتی کے لیے سر جوڑ لیے ہیں۔

نگران وزیر اعلی کی تقرری کے لیے بلوچستان میں حکومت اور حزب اختلاف کے اراکین اسمبلی کے درمیان پہلی مشاورتی نشست گزشتہ شب اس وقت لگی جب وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو نے اراکین اسمبلی کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا۔ عشائیے میں جہاں اراکین اسمبلی لزیز پکوانوں سے محظوظ ہوئے وہیں اس محفل میں سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

ذرائع کے مطابق عشائیے میں وزیر اعلی بلوچستان نے اپنی کارکردگی سے متعلق بات چیت کی جبکہ عشائیے کے بعد اپوزیشن اور حکومت کے درمیان نگران وزیر اعلی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلی بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو نے مشاورتی نشست کی صدارت کی جس میں حزب اختلاف کے اراکین اسمبلی شریک تھے، اس نشست میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما ثناء بلوچ، جمعیت علمائے اسلام کے اصغر ترین، پشتون خوا کیپ کے نصر اللہ زیرے سمیت دیگر اراکین اسمبلی شامل تھے۔

مشاورتی ملاقات میں موجود رکن اسمبلی ثناء بلوچ نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ملاقات میں تبادلہ خیال کیا گیا کہ حکومت بلوچستان اپنی آئینی مدت پوری کرے گی جبکہ نگران حکومت کی تشکیل کے لیے پی ڈی ایم میں موجود تمام جماعتوں سے مشاورت کی جائے گے۔

مشاورتی نشست میں موجود رکن صوبائی اسمبلی اصغر ترین نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کی ملاقات میں فی الحال کسی نام کو زیر بحث نہیں لایا گیا تاہم اس بات پر اتفاق رائے کیا گیا کہ تمام جماعتوں کی باہمی مشاورت سے نگران وزیر اعلیٰ کا نام حتمی طور پر طے کیا جائے گیا جبکہ جلد ہی ایک اور مشاورتی نشست ہو گی۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف ملک سکندر ایڈووکیٹ نے کہا کہ ذاتی مصروفیات کی بنا پر مشاورتی اجلاس میں شریک نہیں ہوسکا تاہم حکومت سے نگران سیٹ اپ کی تقرری کے لیے رابطے میں ہیں۔

اراکین اسمبلی کے مطابق اب تک نگران وزیر اعلی بلوچستان کے لیے کوئی بھی نام تجویز نہیں کیا گیا تاہم ذرائع کا بتانا ہے اسمبلی کی تحلیل سے چند روز قبل نگران وزیر اعلی کے نام کو فائنل کر لیا جائے گا۔ اس وقت مختلف شعبہ زندگی میں اعلی کارکردگی دیکھانے والے افراد کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے لیکن سیاسی شخصیت کے نگران وزیر اعلیٰ بننے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp