پاک بحریہ کے زیر اہتمام آٹھویں کثیرالقومی بحری مشق امن 10 سے 14 فروری تک کراچی میں منعقد کی جا رہی ہے۔ مشق میں 50 سے زائد ممالک کے نمائندگان اپنے بحری اثاثوں، مبصرین اور سینئر افسران کے ساتھ شریک ہو رہے ہیں۔
اس مشق کا باقاعدہ آغاز آج شریک ممالک کی پرچم کشائی کی تقریب سے ہو رہا ہے۔ کمانڈر پاکستان فلِیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی تقریب کے مہمان خصوصی ہیں۔
9ویں آگزیلری اسکواڈرن کے کمانڈر کموڈور سہیل عظمی حاضرین کو چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا استقبالیہ پیغام پڑھ کر سنائیں گے۔ جس کے بعد پرچم کشائی کی تقریب ہو گی۔
استقبالیہ پیغام کے بعد پاک بحریہ کے جوانوں پر مشتمل پرچم پارٹی شریک ممالک کے جھنڈوں کے ساتھ پنڈال میں داخل ہو گی۔
آٹھویں کثیرالقومی بحری مشق امن میں 50 سے زائد ممالک شریک ہیں۔ آج کی تقریب میں ان تمام ممالک کی پرچم کشائی کی جائے گی۔ پرچم کشائی کی تقریب کثیر القومی بحری مشق امن کے باقاعدہ آغاز کی علامت ہے۔
THE VOICE OF PEACE | ANTHEM | AMAN 2023 | MULTINATIONAL MARITIME EXERCISE – YouTube
پہلی کثیرالقومی بحری مشق امن 2007 میں منعقد ہوئی۔ یہ مشق ہر دو سال بعد منعقد ہوتی ہے جس میں مختلف ممالک کی بحری افواج کے بحری جہاز، ائیر کرافٹس، اسپیشل آپریشن فورسز، دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے والی ٹیمیں اور مبصرین شرکت کرتے ہیں۔
پاک بحریہ کی امن مشقوں کا مقصد خطے کا بحری استحکام، مشترکہ کاروائیوں کی صلاحیتوں میں اضافہ، آپریشنل تیاری اور پاکستان کے مثبت تصور کو اجاگر کرنا ہے۔
دنیا کے ہر خطے سے بہترین بحری افواج کو ایک جگہ اکٹھا کرنا یقینا پاکستان اور پاک بحریہ کے لئے بڑا اعزاز ہے۔
پاکستان کے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ مشق امن میں شریک تمام ممالک کے پرچم فضا میں بلند کئے جائیں گے۔ ان پرچموں کے عین درمیان میں میزبان ملک پاکستان کا پرچم موجود ہے۔
بحری مشق امن کا مقصد بھی ممالک کے مابین ہم آہنگی اور امن کا فروغ ہے۔ اس مشق کا موٹو امن کے لئے متحد ہے جو اس مشق کے حقیقی تصور کو خوبصورتی سے بیان کرتا ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی تقریب سے خطاب کریں گے۔